Now issuing caste (KYAST) certificate with ease in Telangana
(اپنا ورنگل)
حیدرآباد- 12/ ستمبر
می سیوا کمشنر روی کرن کے مطابق ذات ( کیاسٹ ) کے تصدیق نامہ کی حصولی کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے ” می سیوا ” نے نیا طریقہ کار شروع کیا ہے۔ بی سی٬ ایس ٹی اور ایس سی طبقات سے تعلق رکھنے والے شہری ( خصوصی کیسوں کے علاوہ ) اب براہ راست می سیوا مراکز سے ذات کا تصدیق نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس سے قبل ہر درخواست پر الگ سے تحصیلدار کی منظوری درکار ہوتی تھی جس کی وجہ سے تصدیق نامے حاصل کرنے میں تاخیر پیش آرہی تھی۔ اس رکاوٹ کو دور کرنے کے مقصد سے آئی ٹی و انڈسٹریز کے وزیر دُدّیلا سریدھر بابو کے احکامات پر ” می سیوا ” ڈیپارٹمنٹ نے اس مسئلہ کو حل کیا۔ اس سلسلے میں سی سی ایل اے٬ بی سی ویلفیئر٬ ایس سی ویلفیئر٬ ڈسٹرکٹ اڈمنسٹریٹو حکام اور تحصیلداروں کے ساتھ کئی مرحلوں میں مشاورت کی گئی جس کے بعد یہ نیا نظام نافذ کیا گیا۔ تجرباتی طور پر یہ طریقہ کار گزشتہ 15 دنوں سے رائج ہے اور اب تک 17,571 افراد اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ ہر سال تقریبآ 20 لاکھ شہری ذات کے تصدیق نامے کیلئے درخواست دیتے ہیں۔ نئے جاری ہونے والے تصدیق نامہ پر پہلے منظور کرنے والے افسر کی تفصیل اور دوبارہ اجراء کی تاریخ درج ہوگی۔ البتہ خصوصی کیسوں میں ( مثال کے طور پر کوئی شخص ہندو ایس سی سے مذہب تبدیل کر کے عیسائی بن جائے اور بی سی-سی زمرے میں آتا ہو٬ جی او ایم ایس نمبر ٬3 مورخہ 9,9,2020 کے مطابق ) درخواست پرانے عمل کے مطابق منظوری کیلئے بھیجی جائے گی۔ اس سہولت سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے پرانے سرٹیفکیٹ نمبر کے ذریعہ می سیوا کے کاؤنٹر پر نمبر فراہم کرنے سے فوری نیا پرنٹ آؤٹ مل جائے گا۔ پرانے سرٹیفکیٹ نمبر معلوم نہ ہو تو می سیوا کے عملے کی جانب سے ضلع٬ منڈل٬ گاؤں ذیلی ذات اور نام کی بنیاد پر نمبر تلاش کیا جائے گا۔ مزید تفصیلات کیلئے شہری ” می سیوا ” ویب سائٹ یا قریبی می سیوا سنٹر سے رجوع کرسکتے ہیں۔
News Source : Agency


