32nd Annual Sunni Ijtima of Sunni Dawat-e-Islami in Gulbarga Sharif
(اپنا ورنگل)
بیدر :
عالمی اسلامی تحریک سنی دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 32واں سالانہ سنی اجتماع 10 اور 11 جنوری 2026 کو گلبرگہ شریف میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ دو روزہ عظیم الشان دینی اجتماع وادیِ بندہ نواز، حضرت پیر بنگالی درگاہ کے سامنے، رنگ روڈ پر منعقد ہوگا۔منتظمین کے مطابق، اجتماع کا پہلا دن ہفتہ، 10 جنوری بعد نمازِ ظہر سے رات 9 بجے تک صرف خواتین کے لیے مخصوص ہوگا، جبکہ دوسرا دن اتوار، 11 جنوری صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک مردوں کے لیے رکھا گیا ہے۔اس اجتماع میں ملک بھر سے تشریف لانے والے نامور علما و مشائخ خصوصی خطابات فرمائیں گے۔
نمایاں شخصیات میں خانوادۂ بندہ نواز کے چشم و چراغ حضرت حافظ ڈاکٹر سید محمد علی الحسینی صاحب قبلہ، سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو درازؒ،خیرالاذکیاء حضرت مولانا محمد احمد مصباحی صاحب قبلہ، ناظمِ تعلیمات و سابق پرنسپل الجامعہ الاشرفیہ، مبارک پور، اعظم گڑھ،حضرت مفتی نظام الدین رضوی صاحب قبلہ، صدر شعبۂ افتاء و شیخ الحدیث، الجامعہ الاشرفیہ، مبارک پور، اعظم گڑھ،داعیٔ کبیر، عطائے مفتی اعظم ہند حضرت علامہ مولانا حافظ و قاری محمد شاکر علی نوری برکاتی صاحب قبلہ، امیر سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی،مصلحِ قوم و ملت حضرت مولانا مسعود احمد برکاتی صاحب قبلہ،حضرت مولانا محمد نفیس احمد مصباحی صاحب قبلہ، استاد الجامعہ الاشرفیہ، مبارک پور، اعظم گڑھ،بلبلِ باغِ مدینہ حضرت الحاج قاری محمد رضوان خان صاحب، نائب امیر سنی دعوتِ اسلامی، ممبئی،
اور حضرت مولانا الحاج سید محمد امین قادری صاحب قبلہ، نگران سنی دعوتِ اسلامی، مالیگاؤں شامل ہیں، جبکہ ان کے علاوہ بھی کئی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔اجتماع کے دوران توحید و رسالت، آخرت کی تیاری، حلال روزی، سود اور نشہ آور اشیاء کے نقصانات، انسانی حقوق، ازدواجی زندگی کی اصلاح، تعلیم و کیریئر رہنمائی، خواتین کا کردار اور نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت جیسے اہم موضوعات پر جامع رہنمائی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر دارالعلوم رضائے مصطفیٰ کے حفاظ و علما کی دستار بندی، مدرسہ فیضِ مصطفیٰ للبنات کی عالمات کی رِداء پوشی اور مدرسہ اُمّ الخیر للبنات کے تربیتی کورس کی تکمیل کی تقریب بھی منعقد ہوگی۔
اس کے علاوہ اجتماع کے دوسرے دن ٹیم اُمید کی جانب سے صبح 11 بجے سے دوپہر 1 بجے تک ایک خصوصی تعلیمی و تربیتی سیشن بھی رکھا گیا ہے۔منتظمین کے مطابق یہ سالانہ سنی اجتماع مسلم معاشرے میں دینی شعور، اخلاقی اقدار اور سماجی اصلاح کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
News Source : M.A. Samad Manju wala

