Municipal politics heats up in Hyderabad, government considering dividing GHMC into three corporations
(اپنا ورنگل)
حیدرآباد:
ذرائع کے مطابق تلنگانہ حکومت فروری میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے انتخابات کرانے پر غور کررہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی موجودہ میعاد 10 فروری کو مکمل ہورہی ہے، جس کے بعد کسی بھی وقت انتخابی اعلامیہ جاری کیا جاسکتا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ حکومت جی ایچ ایم سی کو تین الگ کارپوریشنوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی تیار کررہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک کارپوریشن میں 150 وارڈز شامل ہوں گے، جبکہ باقی دو کارپوریشنوں کو قریبی بلدیات اور دوسرے شہری علاقوں کو ملا کر تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ 150 وارڈز کی تعداد میں اضافہ کرکے اسے 300 تک پہنچادیا گیا ہے۔ حکومت نے جی ایچ ایم سی کی حد بندی سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرلیا ہے۔
وارڈز کی تقسیم کے خلاف دائر کی گئی 80 سے زائد درخواستوں کو تلنگانہ ہائی کورٹ نے خارج کردیا ہے اور حد بندی کے عمل میں مداخلت سے انکار کیا ہے۔واضح رہے کہ جی ایچ ایم سی کو حدود بندی کے دوران 10 ہزار سے زائد اعتراضات موصول ہوئے تھے۔ حکومت چالیس وارڈز کے ناموں اور دس وارڈز کی سرحدوں میں تبدیلی کی تجاویز پر غور کررہی ہے۔یاد رہے کہ جی ایچ ایم سی کے پچھلے انتخابات دسمبر 2020 میں منعقد ہوئے تھے، جبکہ کونسل فروری 2021 میں تشکیل دی گئی تھی۔
News Source : Agency

