Applications invited under Chief Minister Overseas Scholarship-2025 Scheme for minority students
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود کے زیرِ اہتمام اقلیتی طلبہ کے لئے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم (CMOSS) فال سیزن–2025 کے تحت آن لائن درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ اس بات کی اطلاع ضلع اقلیتی بہبود افسر ورنگل ٹی۔ رمیش نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اسکیم بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند اقلیتی طلبہ مسلمان، عیسائی، سکھ، جین، بدھ اور پارسی کے لئے متعارف کرائی گئی ہے۔ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور، جرمنی، جنوبی کوریا، جاپان، فرانس اور نیوزی لینڈ کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں میں یکم جولائی 2025 سے 31 ڈسمبر 2025 کے دوران پوسٹ گریجویٹ یا پی ایچ ڈی کورسز میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ اس اسکیم کے لئے اہل ہوں گے، بشرطیکہ وہ حکومت کی جانب سے مقررہ اہلیتی شرائط پر پورا اترتے ہوں۔اہل امیدوار اپنی درخواستیں 19 جنوری 2026 شام 5 بجے تک سرکاری ویب سائٹ http://www.telanganaepass.cgg.gov.in
کے ذریعہ آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ آن لائن درخواست کے بعد درخواست کی ہارڈ کاپی بمعہ ضروری دستاویزات ضلع اقلیتی بہبود دفتر، ورنگل میں 20 فروری 2026 تک داخل کرانا لازم ہوگا۔
ضلع آفسر نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت منتخب طلبہ کو 20 لاکھ روپے تک اسکالرشپ کے علاوہ ایک طرفہ فضائی سفر کے لئے 60 ہزار روپے تک (یا اصل کرایہ، جو بھی کم ہو) فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ دستاویزات کی جانچ کے دوران اگر کسی امیدوار کی جانب سے جعلی اسناد پیش کرنے کا انکشاف ہوا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات، عمر کی حد، تعلیمی اہلیت، سالانہ آمدنی کی حد اور دیگر ضروری معلومات ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر نے ورنگل ضلع کے اہل اقلیتی طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس بہترین موقع سے فائدہ اٹھائیں ۔مزید معلومات کے لئے ضلع اقلیتی بہبود دفتر، رادھا کرشنا کرانام کے اوپر (دوسری منزل) سرکیوٹ ہاؤس روڈ، ہنمکنڈہ،فون نمبر 9398860995 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

