حیدرآباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی برقرار،انڈیگو کی 58 پروازیں منسوخ ۔

Flight cancellations at Hyderabad airport continue, 58 IndiGo flights cancelled

حیدرآباد :
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (آر جی آئی اے) پر پروازوں کی بد نظمی آٹھویں دن بھی برقرار رہی۔ منگل کے روز انڈیگو نے اپنی 58 پروازیں منسوخ کر دیں جن میں 14 آمد اور 44 روانگیاں شامل ہیں۔ متاثرہ روٹس میں دہلی، ممبئی، گوا، کوچین، وشاکھاپٹنم، وارانسی، پٹنہ، سری نگر، کولکاتہ، احمدآباد، پریاگ راج، لکھنؤ، چنئی اور جودھپور شامل ہیں۔4 دسمبر کے بعد پہلی بار یومیہ منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 100 سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔پیر کے روز 112 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں جبکہ 6 دسمبر سے یومیہ منسوخیوں میں بتدریج کمی دیکھی جا رہی ہے۔تاہم مسافروں کو منسوخیوں کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا اب بھی برقرار ہے۔ 2 دسمبر سے اب تک انڈیگو کی 600 سے زیادہ پروازیں حیدرآباد ایئرپورٹ پر منسوخ ہو چکی ہیں۔

اسی دوران وشاکھاپٹنم ایئرپورٹ پر بھی انڈیگو نے منگل کے روز 6 پروازیں منسوخ کیں۔مسافروں کی سہولت کے لیے حکام کی جانب سے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں۔ اسپائس جیٹ نے مسافر رش کو کم کرنے کے لیے اضافی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ریلوے اور روڈ ٹرانسپورٹ اداروں نے بھی خصوصی خدمات شروع کر دی ہیں۔جیسےساؤتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) نے ممبئی، دہلی، پونے اور ہاوڑہ سمیت مختلف شہروں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلانی شروع کی ہیں۔ٹی جی ایس آر ٹی سی کی جانب سے چنئی، بنگلورو، وجے واڑہ، راجامندری، کاکیناڈا اور وشاکھاپٹنم کے لیے خصوصی بسیں چلائی جا رہی ہیں۔انڈیگو کے مطابق پیر کو اس نے 1800 سے زائد پروازیں آپریٹ کیں، جو اتوار کے روز 1,650 تھیں۔ ایئرلائن کا دعویٰ ہے کہ اس نے اپنی نیٹ ورک کوریج مکمل طور پر بحال کر لی ہے۔

کمپنی کے مطابق پورے نیٹ ورک پر پروازوں کی آن ٹائم پرفارمنس (OTP) پیر کو 90 فیصد رہی جبکہ اس سے قبل یہ 75 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔ایئرلائن نے اعلان کیا کہ اب تک 827 کروڑ روپے کی رقوم واپس کی جا چکی ہیں جبکہ 15 دسمبر تک کی منسوخ پروازوں کے لیے باقی رقوم کی واپسی جاری ہے۔انڈیگو نے یہ بھی بتایا کہ یکم تا 7 دسمبر کے دوران پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے 9,500 سے زائد ہوٹل رومز اور تقریباً 10,000 کیب اور بسیں فراہم کی گئیں۔مزید یہ کہ 4,500 سے زیادہ سامان صارفین تک پہنچا دیا گیا ہے اور باقی سامان کی ترسیل اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کر دی جائے گی۔

News Source : Agency