ملک دستور سے چلے گا ملک کے موجودہ حالات میں مسلمان مستعدی اور فعال طریقہ سے کام کریں, کھمم کے ٹی این جی او میٹنگ ہال میں جمعیتہ العلماء متحدہ ضلع کھمم کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس سے جمعیتہ العلماء کے قائدین کا خطاب۔

The country will run according to the constitution. Muslims should work diligently and actively. Address by the leaders of Jamiat-e-Ulema at  Khammam

(اپنا ورنگل)

کھمم :

کھمم کے ٹی این جی او میٹنگ ھال میں جمعیتہ العلماء متحدہ ضلع کھمم کی جانب سے وقف امید پورٹل اور ایس آئی آر کے سلسلے میں شعور بیداری اجلاس عام منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی سرپرستی مولانا سید احسان الدین صاحب قاسمی صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ نے کی اجلاس سے مہمانان خصوصی حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب خادم جمعیتہ العلماء تلنگانہ٬ مولانا مصدق صاحب قاسمی صدر سٹی جمعیتہ العلماء گریٹر حیدرآباد و نائب صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کے جمعیت العلماء روز اول سے ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد کو ساتھ میں لیکر ملک کی سالمیت اور ملک میں امن و امان کی برقراری کیلئے جدو جہد کو اپنا نصیب العین بنایا ہمارا ملک محبت اور امن و امان کا گہوارہ ہے ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے ماننے والے افراد کو ملک آئین اور دستور مساویانہ حقوق دیتا ہے۔

مسلمان اس ملک کے باعزت شہری ہیں مسلمان اس ملک میں اسلام اور شعائر اسلام کے ساتھ باقی رہے گا ملک دستور سے چلے گا اور مسلمانوں کو ملک کے دستور پر فخر ہے مہمانان نے اپنے خطاب میں شرکاء اجلاس پر زور دیتے ہوئے کہا کے وقف امید پورٹل پر مساجد کے صدور٬ متولیان٬ مدارس اسلامیہ کے ذمداران اور درگاہ کے متولیان باقاعدہ اپنے تمام دستاویزات کے ساتھ رجسٹریشن لازم کروائیں٬ ایس آئی آر کے مرحلے میں بھی اپنے حق رائے دہی کے لیے تمام مطلوبہ دستاویزات کو تیار رکھنے کی ہدایت دی٬ اس موقع پر مولانا محمد سعید احمد صاحب قاسمی صدر جمعیتہ العلماء ضلع کھمم و نائب صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیتہ العلماء وہ فعال تنظیم ہے جو آزادی سے قبل ملک میں انگریزوں کے خلاف طویل جدوجہد کر کے ملک کو آزادی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا٬ موجودہ حالات میں مسلمانوں کو صبر و تحمل کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کے وقف امید پورٹل میں اوقافی جائیدادوں اور مساجد٬ مدارس٬ عیدگاہوں٬ قبرستانوں اور درگاہوں کے رجسٹریشن کو لازم کروائے ۔

آخر میں صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ حضرت مولانا سید احسان الدین صاحب قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیتہ العلماء اکابرین کی قائم کردہ ایک فعال اور متحرک جماعت ہے جمعیتہ العلماء کے بنیادی مقاصد میں سے اہم جز یہ ہے کہ ملک میں بسنے والے مسلمان اس ملک میں ایمان اور شعائر اسلام کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں٬ ملک کے دستور و آئین میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے اپنے مذہب پر مکمل آزادی دی گئی مگر افسوس کے ملک میں وقتاً فوقتاً فرقہ پرست ذہنیت کے حامل لوگوں کی جانب سے ایک مخصوص طبقہ کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیکر ملک کے امن و امان کو مکدر کرنے کی ناپاک کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ملک کی اکثریت سیکولر پر یقین رکھتے ہیں آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے مسلمان اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے ایمانی اور ملی حمیت کا ثبوت دیں۔

جمعیتہ العلماء کا کارواں جو وارثین انبیاء پر مشتمل ہے ھر دور میں امت مسلمہ کے تشخص کے لیے میدانوں میں دستیاب رھکر کام کرتے رہیں گے قبل ازیں نو منتخب صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب قاسمی کا شاندار استقبال کرتے ہوئے کھمم شہر کے علماء و حفاظ آئمہ مساجد اور عوام نے ریالی کی شکل میں اجلاس عام ٹی این جی او میٹنگ ھال پہنچایا۔ اس موقع پر اجلاس سے قبل جمعیتہ العلماء کے پرچم کشائی انجام دی گئی۔ اسٹیج پر مولانا عبد الکریم رشادی صدر جمعیتہ العلماء ضلع بھدرادری کتہ گوڑم٬ مولانا عبد الستار صاحب ورنگل٬ حافظ جمیل احمد٬ حافظ ذکی اللہ٬ مفتی سلمان قاسمی٬ مولانا عبد الغنی رشادی٬ حافظ سید فرقان نلگنڈہ٬ حافظ نذیر احمد٬ محمد تاج الدین اقلیتی صدر ضلع کھمم بی آر ایس پارٹی٬ چھوٹے بابا سینیر کانگریس پارٹی قائد ضلع کھمم کے علاوہ اجلاس میں مساجد کمیٹیوں کے صدور دانشوران ملت کی کثیر تعداد موجود تھی۔

عبد الرشید رکن جمعیتہ العلماء ضلع کھمم نے کلمات تشکر اداکیے۔ حضرت مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقعہ پر صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ مولانا سید شاہ احسان الدین صاحب٬ حافظ پیر خلیق احمد صابر اور نائب صدور جمعیتہ العلماء تلنگانہ کی کھمم ضلع کے مساجد کے ذمداران سماجی و سیاسی قائدین اور دانشوران کی جانب سے کثرت سے شال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔

News Source : Agency