
Two lucky people were selected through a draw from the audience attending the Milad-un-Nabi (PBUH) celebration organized by the Markzai Milad Committee, Hanamkonda.
ورنگل- 6/ ستمبر
( اپنا ورنگل )
ہنمکنڈہ: مرکزی میلاد کمیٹی ہنمکنڈہ کے زیر اہتمام 30 واں عظیم الشان جلسہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ کل شب زکریا فنکشن ہال رائے پورہ ہنمکنڈہ میں منعقد کیا گیا۔ اس جلسہ میں ملک کے ممتاز علماء کرام نے شرکت کرتے ہوئے سیرتِ رسول اکرم ﷺ پر ایمان افروز خطابات کیے اور عوام کو درسِ حیات پیش فرمایا۔ اجتماع میں شہر اور اطراف و اکناف سے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ برکاتیہ کے چار طلباء کی تکمیلِ حفظِ قرآن پر علمائے کرام کے ہاتھوں دستار بندی کی گئی۔ اسی کے ساتھ مختلف نعتیہ، تقاریر اور کوئز مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات اور اسنادات سے نوازا گیا۔ کمیٹی کی جانب سے جلسہ میں شریک سامعین کے لیے خصوصی قرعہ اندازی بھی کی گئی جس کے تحت دو خوش نصیب افراد کے نام عمرہ اور مدینہ شریف کے تبرکاتی سفر کے لیے منتخب ہوئے۔ خوش بخت حضرات میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ جن کی تفصیلات محمد مقصود علی ولد محمد منصور علی صاحب ساکن نعیم نگرہنمکنڈہ کے ہے اور خاتون میں سے شبانہ بیگم بنت محمد حفیظ صاحب ساکن کاکتیہ کالونی ہنمکنڈہ کے رہنے والے ہے۔ اس اعلان پر جلسہ گاہ اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھا اور فضاء عقیدت و خوشی سے معمور ہوگئی۔اس موقع پر کمیٹی کے ذمہ داران نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کا یہ پروگرام اتحاد و محبت کا پیغام لے کر آیا ہے۔ جلسہ کی صبح بعد نماز فجر لنگر محمودی ﷺ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اورآج دوپہر 12 ربیع الاول کو کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی فلاحی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا، جو کہ سرکاری دواخانہ یم جی ایم اور مشن ہاسپٹل ہنمکنڈہ میں مریضوں میں میوہ جات تقسیم کیے گئے۔
News Source : Mohd. Munwaruddin
