ورنگل کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے ریڈ کراس سوسائٹی کی خصوصی ممبرشپ مہم کا افتتاح کیا۔

Warangal Collector Dr. Satya Sharda inaugurated the special membership drive of the Red Cross Society

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

انڈین ریڈ کراس سوسائٹی شاخ ورنگل کے زیرِ اہتمام رکنیت اندراج کی خصوصی مہم کا افتتاح ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے کیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے تمام افراد، جن پر کوئی فوجداری مقدمہ نہ ہو، ریڈ کراس سوسائٹی کی رکنیت حاصل کر سکتے ہیں۔ رکنیت حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو درخواست فارم کے ساتھ دو پاسپورٹ سائز تصاویر، آدھار کارڈ کی نقل اور 1100 روپے بطور مستقل رکنیت فیس جمع کرانی ہوگی۔

رکنیت حاصل کرنے والوں کو مستقل ممبرشپ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ پہلے سے موجود ممبران اگر اپنے ذاتی کوائف میں کوئی تبدیلی ہوئی ہو، جیسے موبائل نمبر، پتہ یا ضلع کی تبدیلی، تو فوری طور پر اپنی معلومات کو اپڈیٹ کروائیں تاکہ آئندہ سرگرمیوں میں مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں اور ہنگامی حالات میں بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ 13 مئی 2026 سے 31 مئی 2026 تک، روزانہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک (اتوار کے علاوہ) ورنگل ڈپٹی کمشنر لیبر دفتر میں رکنیت فارم دستیاب رہیں گے۔اس خصوصی مہم کے دوران ضلع کلکٹر نے خود بھی ریڈ کراس کی رکنیت حاصل کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ممبر بن کر ریڈ کراس کی خدمات کو وسعت دیں۔

اسی موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی ریاست تلنگانہ کی جانب سے فراہم کردہ کمپیوٹر، ڈیسک ٹاپ اور پرنٹر کا بھی افتتاح کیا گیا۔تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر وائی وی گنیش، سندھیارانی، ضلع پریشد سی ای او جی رام ریڈی، ریاستی گورننگ باڈی کے رکن ای وی سرینواس راؤ، ڈپٹی کمشنر لیبر، آر ڈی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz