541واں سالانہ عرس شریف فاتحِ کوئل کنڈہ حضرت سید شاہ عبدالرحمن حسینی چشتیؒ روحانیت ، عقیدت اور اخوت کا عظیم اجتماع 7 جون سے آغاز پذیر-

The 541st annual Urs Sharif of Fateh-e-Koil Kunda Hazrat Syed Shah Abdul Rahman Hussaini Chishti, a grand gathering of spirituality, devotion and brotherhood, begins on June 7

(اپنا ورنگل)

 محبوب نگر :

نبیرہء قطب الاولیاء حضرت سیدشاہ چندا حسینیؓ گوگی شریف کرناٹک و تلنگانہ کی مشہور معروف روحانی علمی و دینی بارگاہ فاتحِ کوئل کنڈہ حضرت سید شاہ عبدالرحمن حسینی چشتیؒ ، کے 541 واں سالانہ چہار روزہ عرس شریف تقاریب نہایت تُزک و احتشام کے ساتھ 7 /جون تا 10 / جون اتوار تا چہارشنبہ 2026ء منعقد ہوگا ۔ اس موقع پر ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند ، علماء کرام ، مشائخِ عِطام ، حفاظ ، قراء اور زائرین کی شرکت متوقع ہے ۔ عرس شریف کی تمام تقریبات سجادۂ نشین و متولی درگاہ فاتحِ کوئل کُنڈہ حضرت الحاج سید شاہ جلال الدین حسینی شمیم چشتی کی نگرانی میں منعقد ہوں گی۔

عرس شریف کی روایت صوفیائے کرام کی تعلیمات ، محبتِ رسول ﷺ ، ذکرِ الٰہی ، اُخوتِ اسلامی اور انسانیت کی خدمت کے پیغام کو عام کرنے کا ذریعہ سمجھی جاتی ہیں ۔جاری کردہ پروگرام کے مطابق 7 / جون بروز اتوار بعد نمازِ عصر محفلِ سماع جبکہ بعد نمازِ مغرب غسل شریف کی خدمت ہوگی۔ 8 / جون بروز پیر بعد نمازِ عصر آغازِ جلوسِ صندل مالی اور بعد نمازِ عشاء صندل مالی کی خدمت انجام دی جائے گی،جبکہ رآت 10/ بجے محفل سماع ہوگی ۔9 /جون بروز منگل بعد نمازِ مغرب جشنِ چراغاں اور روح پرور محفلِ سماع منعقد ہوگی، جبکہ اسی روز زائرین کے لئے خصوصی زیارتِ شریف اور دیگر روحانی مراسم بھی انجام دیئے جائیں گے۔

10/ جون بروز چہارشنبہ بعد نمازِ فجر زیارتِ شریف ، فاتحہ خوانی اور تقسیمِ تبرکات کے ساتھ عرس شریف کی اختتامی تقریب منعقد ہونگی۔عرس شریف کے منتظمین کے مطابق یہ روحانی اجتماع نہ صرف اولیائے کرام کی تعلیمات کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، محبت ، بھائی چارہ اور خدمتِ خلق کے جذبہ کو بھی مستحکم کرتا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے علماءکرام ، مشائخ عِظام ، نعت خواں حضرات اور صوفی شخصیات شرکت کرتے ہوئے اپنے خطابات اور بیانات کے ذریعے عوام الناس کو دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرائیں گے۔

عرس کی تقریبات میں قرآن خوانی ، ذکر و اذکار ، عربی قصیدہ بردہ شریف ،نعت شریف و منقبتی کلام ، صندل مالی ، چراغاں ، محفلِ سماع اور اجتماعی دعاؤں کا خاص وعام اہتمام کیا جائے گا ، جو برصغیر کی صوفیانہ روایات کا اہم حصہ ہیں ۔منتظمین نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت عرس شریف میں شرکت کرکے بزرگانِ دین کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں اور ملک و ملت کی سلامتی، امن و استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے خصوصی دعاؤں میں شریک ہوں۔ اس موقع پر زائرین کے قیام ، طعام ، لنگر اور دیگر سہولتوں کے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں ۔حسب ذیل فون نمبرات پر رابطہ: 8008028198، 9603191452۔

News Source : M.F. Baig Riaz