پٹرول حملے کے شکار اَڈوپہ مہیش کی آخری رسومات، ایم ایل ایز، ایم ایل سی، ڈی سی سی صدور، چیئرمین اور دیگر کانگریس کے قائدین کی شرکت۔

Funeral of petrol attack victim Adupa Mahesh, Attended by MLAs, MLCs, DCC presidents, chairman and other Congress leaders

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

وردھناپیٹ اسمبلی حلقہ کے 14ویں ڈویژن کانگریس کے سابق صدر اور سوشل میڈیا انچارج اَڈوپہ مہیش کی پٹرول حملے میں المناک موت پر کانگریس قائدین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پیر کے روز مرحوم کی آخری رسومات میں بڑی تعداد میں پارٹی قائدین اور کارکنان شریک ہوئے۔

وردھناپیٹ کے ایم ایل کے. آر. ناگہ راجو نے تلنگانہ ریاستی فینانس کمیشن کے چیئرمین سرسلہ راجیا، ورنگل مغربی ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی، ایم ایل سی بسواراجو ساریّا ، ورنگل و ہنمکنڈہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدور محمد ایوب اور ایناگالا وینکٹ رام ریڈی، ہنمکنڈہ ضلع یوتھ کانگریس کے صدر دلیپ راج اور دیگر قائدین کے ہمراہ مرحوم کے گھر پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔

اس موقع پر ایم ایل اے کے. آر. ناگہ راجونے مرحوم کے جسدِ خاکی پر کانگریس کا پرچم چڑھایا اور شدید بارش کے باوجود جنازے میں شریک ہو کر میت کو کندھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے وفادار کارکن کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرائی جائے گی اور انہیں قرار واقعی سزا دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے دی جانے والی امداد کے علاوہ وہ ذاتی طور پر بھی مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر وقت کھڑے رہیں گے۔ایم ایل اے نے اَڈوپہ مہیش کو ایک مخلص، فعال اور پارٹی کے لیے وقف کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ انہیں اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ فرمائے۔اس موقع پر وردھناپیٹ اسمبلی حلقہ کے مختلف منڈلوں، ڈویژنوں اور دیہات سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

News Source : M.F. Baig Riaz