سالانہ عرس حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادریؒ کا نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام

Conclusion of the annual Urs of Hazrat Syed Shah Mohammad Taqi Sabz Posh Qadri (RA) with profound devotion and reverence

جلسہ عظمت اولیاء سے شہزادہ حضور غوث الاعظم خطیب زمن مولانا پیر سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی المعروف علی پاشاہ سجادہ نشین خانقاہ موسو یہ حیدرآباد کا خصوصی خطاب:

(اپنا ورنگل)

نارائن پیٹ:  

نارائن پیٹ ضلع مستقر پر واقع درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادری ؒ کے سالانہ چار روزہ عرس تقاریب کا کل رات عقیدت واحترام کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں ریاست تلنگانہ کے علاوہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش’ کرناٹک’ مہاراشٹر ودیگر مقامات سے بلالحاظ مذہب و ملت ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عرس تقاریب کا آغاز جلوس پرچم قادریہ سے ہوا ۔

جو کل رات دیر گئے محفل سماع کے بعد سجادہ نشین بارگاہ تقی بابا ؒ کی دعائے نیم شبی پر اختتام پذیر ہوا۔ عرس شریف کے موقع پر رسم صندل مالی سجادہ نشین سید شاہ محمد غیاث الدین قادری’ جانشین سجادہ حافظ سید مصطفیٰ قادری نے انجام دی۔ عرس شریف کے موقع پر منعقدہ جلسہ فیضان اولیاء کا انعقاد عمل میں آیا۔ جو قرآت کلام پاک سے اس جلسہ کا آغاز ہوا۔

بعد ازاں شہزادہ حضور غوث الاعظم خطیب زمن مولانا پیر سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی المعروف علی پاشاہ صاحب قبلہ سجادہ نشین خانقاہ موسو یہ حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنی زندگیاں اللہ تعالیٰ کی عبادت، رسولِ اکرم ﷺ کی اتباع اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کردی تھیں۔مولانا نے کہا کہ غوثِ اعظمؒ کی حیاتِ مبارکہ تقویٰ، اخلاص، علم، حسنِ اخلاق اور انسانیت سے محبت کا روشن نمونہ ہے۔

آپؒ کی تعلیمات آج بھی مسلمانوں کو نیکی، تقویٰ، اصلاحِ نفس اور خدمتِ خلق کی طرف رہنمائی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ سے محبت کا تقاضا صرف عقیدت کا اظہار نہیں بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنانا بھی ہے۔ خصوصاً نوجوان نسل کو اسلامی اخلاق و اقدار اور اولیائے کرام کی سیرت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل مولانا پیر عابد حسین کاظمی کوتہ کوٹہ ‘ مولانا شفاعت علی نظامی’ مولانا فاروق بن مخاشن’ حافظ محمد مصطفی قادری جانشین سجادہ بارگاہ تقی باباؒ نے بھی جلسہ فیضان اولیاء و محفل زیارت سے خطاب کیا۔

عرس شریف کے اختتام پر محفل سماع کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ جس میں سید ذاکر حسین تاج قوال اینڈ پارٹی حیدرآباد’ محمد عثمان بندہ نوازی اینڈ پارٹی حیدرآباد نے نعتیہ و منقبتہ کلام سنایا۔ عرس شریف کے دوران و محفل سماع میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے ‘ سید یزدانی پاشاہ قادری المعروف جیلانی پاشاہ قادری صاحب سجادہ نشین ادونی شریف ، محمد عبدالضمیر طاہری قادری صاحب محبوب نگر’ نارائن پیٹ ضلع ایس پی ڈاکٹر وینیت’ ایڈیشنل ایس پی ریاض الحق ‘ نارائن پیٹ ڈی ایس پی لنگیا’ سی آئی’ ایس آئی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

سجادہ نشین و درگاہ کمیٹی کی جانب سے مہمان خصوصی کی گلپوشی کی گی۔ درگاہ کمیٹی کے معتمدین جناب محمد نواز موسی و فرزاندان’ محمد رفیق چاند و برادران ودیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ عرس شریف کے موقع پر تمام اجلاسوں کی نظامت حافظ چاند پاشاہ لیکچرر’نے انجام دی۔ سالانہ عرس حضرت تقی بابا رح کا نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام عمل میں آیا۔