مکتھل میں بارش کے لیے اجتماعی صلوٰۃ الاستسقاء کا اہتمام، مسلمانوں کی رقت آمیز دعائیں

Collective prayer for rain organized in Makthal, Muslims offer heartfelt prayers

(اپنا ورنگل)

مکتھل :

مکتھل اور اس کے اطراف و نواحی علاقوں میں طویل عرصے سے بارش نہ ہونے اور خشک سالی جیسے حالات کے پیش نظر آج بعد نماز جمعہ مکتھل کے عیدگاہ میدان میں بارگاہِ الٰہی میں بارانِ رحمت کی دعا کے لیے اجتماعی طور پر صلوٰۃ الاستسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ اس روح پرور اجتماع میں مکتھل شہر اور قریبی دیہات سے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور نہایت عاجزی و انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے رحمت کی بارش نازل فرمانے کی دعائیں مانگیں۔

اس بابرکت اجتماع کی سرپرستی مکتھل کے معروف عالمِ دین حضرت مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی نے فرمائی، جبکہ صلوٰۃ الاستسقاء کی امامت مفتی رحمت علی قاسمی نے کرائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں ملک و ملت کی سلامتی، کسانوں کی خوشحالی، فصلوں کی بہتری، پانی کی قلت کے خاتمے اور بروقت و موسلادھار بارش کے لیے اللہ رب العزت کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگی گئیں۔

علمائے کرام نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ جب کسی علاقے میں بارش رک جائے یا قحط سالی کی کیفیت پیدا ہو تو اسلام مسلمانوں کو توبہ، استغفار، صدقہ و خیرات اور صلوٰۃ الاستسقاء کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے رجوع کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے عوام سے گناہوں سے اجتناب، آپسی اتحاد، حقوق العباد کی ادائیگی اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ رکھنے کی تلقین کی۔

اجتماع کے دوران ماحول انتہائی روحانی اور رقت انگیز رہا۔ نمازیوں نے اشک بار آنکھوں کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی طلب کی اور بارانِ رحمت کے نزول کی دعائیں کیں۔ اس موقع پر مختلف مساجد کے ائمہ، دینی و سماجی شخصیات اور عوام الناس بڑی تعداد میں موجود رہے۔

News Source :Mohd. Mujeeb