مکتھل میں جمعیتہ علماء کے زیر اہتمام مسابقہ سیرت کوئز کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

Seerah Quiz Competition, organized under the auspices of Jamiat Ulema, concludes successfully in Makthal

80 طلبہ و طالبات کی شرکت، نئی نسل میں دینی و علمی شعور بیدار کرنے کے لیے ایسے پروگرام وقت کی اہم ضرورت قرار

(اپنا ورنگل)

مکتھل :

جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ کے زیر اہتمام شہر مکتھل کی قدیم و تاریخی جامع مسجد میں عصری اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے لیے تحریری و انعامی ’’مسابقہ سیرت کوئز‘‘ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس مسابقے میں مکتھل کے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 80 طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جبکہ 10 طلبہ غیر حاضر رہے۔مسابقے کی نگرانی صدر جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ مولانا الحاج حافظ عبدالقوی خطیب الحسامی نے کی۔

صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک منعقدہ اس تحریری مقابلے میں پانچویں جماعت سے ایس ایس سی تک کے طلبہ و طالبات کے لیے اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں سوالات فراہم کیے گئے تھے، تاکہ طلبہ اپنی سہولت کے مطابق امتحان میں حصہ لے سکیں۔طلبہ و طالبات صبح ہی سے اپنے والدین اور سرپرستوں کے ہمراہ مقررہ وقت سے قبل امتحان گاہ پہنچنے لگے تھے، جہاں جمعیتہ علماء مکتھل کے قائدین و کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ہال ٹکٹ و رول نمبر کے ذریعہ ان کی نشستوں تک رہنمائی کی۔

امتحان کے انعقاد اور نگرانی کے فرائض مولانا حافظ عبد الحمید رشادی، جنرل سکریٹری، مولانا نصیرالدین رشادی، صدر جمعیتہ علماء مکتھل، سید عاصم حسین لیکچرر، سکریٹری جمعیتہ علماء مکتھل، مولانا مفتی اشرف علی، محمد زاہد علی، محمد رفیق، محمد محبوب علی، پرنسپل لٹل اینجلس ہائی اسکول، محمد مجیب اور دیگر نے انجام دیے۔استقبالیہ و انتظامی امور میں غلام نبی، عبد الودود شکیب، زبیر انجینئر، شفاعت حسین، حبیب اکرم، انور حسین، عبد الرحیم، شیخ حسین اور دیگر نے بھرپور تعاون کیا۔

اس موقع پر مکتھل کے معزز شہریوں الحاج نور پاشاہ، ڈاکٹر محمد غوث، رحیم پٹیل (کونسلر)، خطیب عبد القدیر پرویز، محمد شرف الدین، مولانا عبد الحفیظ رشادی (بنگلور)، حافظ محمد یوسف الدین کوثری، مولانا عتیق الرحمن رشادی، عبد الرحمن، نور پاشاہ مڑمال، سی زبیر پاشاہ، نوید پاشاہ اور دیگر نے امتحان گاہ کا دورہ کرتے ہوئے جمعیتہ علماء کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر مختلف قائدین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ نئی نسل میں سیرت نبویؐ سے واقفیت، دینی و علمی شعور اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کے تعلیمی و تربیتی پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے جمعیتہ علماء کی اس کوشش کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد پر زور دیا۔

آخر میں صدر جمعیتہ علماء ضلع نارائن پیٹ مولانا عبدالقوی حسامی کے اختتامی و دعائیہ کلمات اور اظہار تشکر کے ساتھ مسابقے کا اختتام عمل میں آیا۔ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے لیے عنقریب منعقد ہونے والے ایک خصوصی جلسے میں انعامات کا اعلان کیا جائے گا۔