داڑھی کے تقدس پر تبصرہ اور حیدرآبادی بریانی پر طنز! کیا یہی سیاسی مکالمے کا معیار رہ گیا ہے؟ اعظم خان کے حالیہ بیانات نے دینی و علمی ، مذہبی اور سیاسی حلقوں میں کئی سوالات کھڑے کردیئے

Comments on the sanctity of the beard and mockery of Hyderabadi biryani! Has this become the standard for political discourse? Azam Khan’s recent statements have raised several questions within religious, scholarly, and political circles.

 

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

سیاست میں اختلافِ رائے ایک فطری اور جمہوری حق ہے ، لیکن جب سیاسی اختلاف شخصی تبصروں ، مذہبی وضع قطع پر گفتگو اور علاقائی ثقافت پر طنز کی صورت اختیار کرلے تو سنجیدہ حلقوں کے لئے کئی ایک سوالات پیدا ہونا لازمی ہیں ۔ حال ہی میں اتر پردیش کے سینئر سیاسی رہنما اور سابق وزیر جناب اعظم خان کی جیل سے رہائی کے بعد سامنے آنے والے بیانات بھی اسی تناظر میں قابلِ غور ہیں ۔اعظم خان تقریباً کئی برسوں سے اترپردیش کی سیاست کا ایک معروف نام رہے ہیں ۔ ان کی سیاسی جدوجہد ، قانونی مقدمات اور جیل میں گذرا ہوا عرصہ اپنی جگہ ایک الگ موضوع ہے ۔

تاہم 18 نومبر 2026ء کو عبوری ضمانت پر رہائی کے بعد 19 / نومبر کو رامپور میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان کے بعض تبصرے سیاسی و سماجی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گئے ہیں ۔داڑھی محض ظاہری وضع قطع نہیں ، سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ وصحبہ وسلم سے گہری نسبت کا معاملہ ہے۔جناب اعظم خان نے نقیب ملت الحاج بیرسٹر اسدالدین اویسی حفظہ اللہ صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد دکن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف داڑھی رکھنے سے کوئی شخص مولانا یا سادھو نہیں بن جاتا ، بلکہ مولانا ہونے کے لئے مولوئیّت کی سند درکار ہوتی ہے ۔

بلاشبہ عالمِ دین اور مفتی کی علمی حیثیت کا تعین باقاعدہ دینی تعلیم ، اساتذہ سے استفادہ ، فقہی بصیرت اور علمی اہلیت کی بنیاد پر ہوتا ہے ۔ کسی شخص کا داڑھی رکھنا بذاتِ خود اس کے عالم یا مفتی ہونے کی سند نہیں بن سکتا ۔ اس اصول سے اختلاف نہیں کیا جاسکتا ۔لیکن اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہنی چاہیئے کہ داڑھی رکھنا اسلامی تعلیمات اور سنتِ رسول اکرم ﷺ سے وابستہ ایک دینی شعار ہے ۔ اس لئے اس موضوع پر گفتگو کرتے وقت الفاظ کا انتخاب ، اندازِ بیان اور دینی شعائر کا احترام ملحوظ رکھنا ضروری ہے ۔حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشادِ مبارک ہے:خَالِفُوا الْمُشْرِكِينَ ، وَفِّرُوا اللِّحَى ، وَأَحْفُوا الشَّوَارِبَ ترجمہ: مشرکین کی مخالفت کرو ، داڑھی بڑھاؤ اور مونچھیں پست کرو ۔( صحیح البخاری ، صحیح مسلم )

لہٰذا کسی عالم کی علمی سند پر سوال اٹھانا ایک الگ معاملہ ہے اور داڑھی کی دینی حیثیت کو زیرِ بحث لانا دوسرا معاملہ ۔ دونوں کے درمیان فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے ۔ علمی اختلاف کو مذہبی شعائر کے احترام کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیئے ۔حیدرآبادی بریانی پر طنز یا علاقائی تہذیب سے ناواقفیت؟اعظم خان کا دوسرا تبصرہ حیدرآبادی بریانی کے حوالے سے تھا ۔ ان کے مطابق اترپردیش میں حیدرآبادی بریانی پسند نہیں کی جاتی اور وہاں کے لوگ پلاؤ اور مٹن بریانی کو ترجیح دیتے ہیں ۔جناب اعظم خان نے سارے حیدرآبادیوں کی شان میں گستاخی و بے ادبی کی ہے انہیں بلا مشروط تمام ارض دکن والوں سے معذرت خواہی کرنا ناگزیر ہے ، راقم القلم کو بڑی ہی شرمندگی و ندامت کے ساتھ ان کے طنز پر کہنا پڑہ رہاہے کہ شمالی ہند کے زیادہ تر لوگ معیشت کے سلسلہ میں دکن کا رخ کئے ہوئے نوکریوں پر فائز و متمکن یہاں پر موجود ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ کسی سیاسی رہنما کے سیاسی عزائم یا انتخابی سرگرمیوں پر اختلاف کا اظہار کرنے کے لئے کیا کسی دوسرے شہر کی تہذیبی شناخت اور کھانے کی مقبولیت کو طنز کا موضوع بنانا ضروری ہے؟حیدرآباد کی بریانی محض ایک کھانے کا نام نہیں ، بلکہ دکن کی تاریخی ، تہذیبی اور معاشرتی شناخت کا حصہ ہے ۔ حیدرآباد اپنی زبان لب ولہجہ ، تہذیب و ثقافت ، مہمان نوازی ، علمی ورثے اور روایتی پکوانوں کے لئے دنیا بھر میں جانا پہچانا اور منوایا جاتا ہے ۔یقیناً ہر خطے کے اپنے ذوق اور اپنی غذائی روایات ہوتی ہیں ۔ اتر پردیش کے عوام کو اپنے پسندیدہ کھانوں کے انتخاب کا پورا حق ہے اور حیدرآباد کے عوام کو اپنی تہذیبی روایات پر فخر کرنے کا مکمل حق حاصل ہے ۔

لیکن کسی ایک خطے کے ذوق کو دوسرے خطے کے مقابلے میں سیاسی طنز کا ذریعہ بنانا کہاں تک مناسب ہے؟بریانی کے ذائقے پر اختلاف ہوسکتا ہے ، مگر تہذیبوں کے احترام میں اختلاف کی گنجائش نہیں ہونی چاہیئے ۔سیاسی اختلاف کو شخصی اور مذہبی تنقید میں تبدیل نہ کیا جائے بیرسٹر اسدالدین اویسی ایک قانونی تعلیم یافتہ یعنی بارایٹ لاء و سیاسی رہنما ہیں اور اپنی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے ملک کی سیاست میں سرگرم ہیں ۔ ان کے سیاسی نظریات ، پارلیمانی کردار ، انتخابی حکمتِ عملی اور عوامی بیانات پر تنقید و تائید کرنا ہر شہری کا جمہوری حق ہے مگر حد وادب میں رھ کر ۔

اسی طرح اعظم خان بھی ایک تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں اور ان کی سیاسی خدمات و جدوجہد کا اپنا پس منظر ہے۔لیکن دونوں شخصیات کے درمیان اختلاف کو اس سطح تک نہیں پہنچنا چاہیئے کہ ایکمشت داڑھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم کی عظیم الشان سنت ہے اور داڑھی نہیں رکھنے والا فاسق معلن ہے ، داڑھی مذہبی تشخص و شناخت ، علاقائی تہذیب اور کھانے پینے کی روایات بحث کا مرکزی موضوع بن جائیں یہ بالکل غلط ہے ۔ایک سیاسی رہنما کی اصل پہچان اس کی تقریروں کے طنز سے نہیں بلکہ عوامی مسائل ، تعلیمی ترقی ، روزگار ، صحت ، سماجی انصاف ، اقلیتوں کے حقوق اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے حوالے سے اس کے عملی کردار سے ہونی چاہیئے ۔اترپردیش کے عوام باشعور ہیں ، سیاسی بیانات کو پرکھنا ان کا حق ہے -اترپردیش کی سیاست میں مسلمانوں سمیت تمام طبقات کے عوام کی اپنی تاریخی ، سماجی اور سیاسی اہمیت ہے ۔

عوام الناس کسی بھی سیاسی رہنما کے بیان کو قبول یا مسترد کرنے میں آزاد ہیں ۔ کسی ایک سیاسی شخصیت کو عوامی رائے کا واحد ترجمان سمجھنا بھی درست نہیں ۔سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو چاہیئے کہ وہ عوام کے سامنے اپنے کام ، پالیسیوں اور مستقبل کے پروگرام پیش کریں ۔ محض شخصی جملوں ، طنز و تشنیع اور سیاسی حریفوں کی وضع قطع پر تبصرے کرکے عوامی مسائل سے توجہ نہیں ہٹانی چاہیئے ۔اعظم خان کی جیل سے رہائی یقیناً ان کے سیاسی سفر کا ایک اہم واقعہ ہوسکتا ہے ، لیکن رہائی کے بعد ان کے بیانات کا جائزہ بھی اسی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیئے جس سنجیدگی سے کسی دوسرے سیاسی رہنماء کے بیانات کا لیا جاتا ہے ۔

کسی شخص کی طویل سیاسی جدوجہد اپنی جگہ قابلِ مطالعہ ہوسکتی ہے ، مگر ماضی کی خدمات کسی کو حالیہ بیانات پر تنقید سے بالاتر نہیں بناتیں ۔سیاست میں وقار ، گفتگو میں شائستگی اور اختلاف میں تہذیب ضروری ہے -ہماری گذارش ہے کہ سیاسی رہنماء ایک دوسرے کے نظریات سے اختلاف ضرور کریں ، مگر مذہبی شعائر ، علمی شخصیات اور علاقائی تہذیبوں کا احترام بھی برقرار رکھیں ۔داڑھی رکھنے والا ہر شخص عالم نہیں ہوتا داڑھی رکھنے والا یقیناََ عالم نہیں ہوسکتا مگر معلومات رکھتے ہوئے بھی داڑھی نارکھنا الگ گناہ اس پر تنقید کرنا ایک بڑا گناہ ہے ۔ اسی طرح حیدرآبادی بریانی پسند کرنا یا نہ کرنا کسی سیاسی جماعت کی مقبولیت کا پیمانہ نہیں ہوسکتا ۔عوام کو چاہیئے کہ وہ سیاسی نعروں اور شخصی تبصروں کے بجائے رہنماؤں کی کارکردگی ، پالیسیوں اور عوامی خدمت کو سامنے رکھ کر اپنی رائے قائم کریں ۔

یاد رکھیں ! سیاست میں اختلاف جمہوریت کی خوب صورتی ہے ، مگر مذہبی شعائر کی حرمت ، تہذیبی رواداری اور با وقار گفتگو معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ۔ نقیب ملت بیرسٹر الحاج اسدالدین اویسی کی عوامی مقبولیت پارلیمنٹ میں صدائے احتجاج بلند کرنے اور عالمی سطح پر ملک بھارت کے نام کو خوب روشن کرنے کی بناء پر آج اغیار بھی غیر معمولی تعریف اور ان کی سیاسی قد آور شخصیت کے معترف ہیں اسی بناء پر ملکی سطح پر انہیں روکنے کی حتی المقدور کوشیشیں کی جارہی ہیں اور بی ٹیم کا اسپیڈ بریک لگانے کے باوجود اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر نقیب ملت بیرسٹر اویسی سارے ملک بھارت میں اپنی نیک نامی اور سیاسی قد آر شخصیت کی پہچان بنا چکے ہیں انہوں نے ملت اسلامیہ کو اپنا حق مانگنے نہیں چھین کر حاصل کرنے کا جو شعور و آگہی پیدا کیا ہے۔

اس سے تمام جماعتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہے اب انہوں نے اتر پردیش کے لئے ایک دلت چہرا شری چندر شیکھر آزاد عرف راون کو وزیر اعلی کے چہرے کے طورپر پیش کیا ہے اس سے مزید عوامی حلقوں اور یوپی کے رائے دہندوں میں جہاں پر جوش و خروش پایا جاتا ہے تو دوسری طرف بی ٹیم کا راگ لاپنے والوں کے خیموں میں بھونچال آگیا ہے ، ہم حیدرآبادیوں کی نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ ساری دنیا میں نقیب ملت بیرسٹر اویسی کی ملی ، سیاسی اور عوامی نمائندگی کی بناء پر لوگوں میں حیدرآبادیوں سے نفرت کی آگ کسی قدر ختم ہوتے دکھائ دیتی ہے –

اللہ جل مجدہ آقائے دوجہاں رحمت اللعٰلمین خاتم النبیین شفیع المذنبین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم کے نعلین مبارکہ کے تصدق میں ملت اسلامیہ کی نیک نامی ، آپسی اتحاد و اتفاق پروان چڑھے آمین یامجیب السآئلین ثم آمین یا رحمت اللعٰلمین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم –
مضمون نگار: اسدالعلماء محمد محسن پاشاہ قادری