علم و فضل، فقہ و افتاء اور ملی و دینی خدمات کا تابندہ عہد اختتام پذیر؛ حضرت علامہ مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ نقشبندیؒ کا وصال ملتِ اسلامیہ کے لیے عظیم علمی نقصان

Aluminous era of scholarship, jurisprudence, the issuance of religious rulings (fatwa), and service to the Muslim community and the faith has come to an end; the passing of Hazrat Allama Mufti Syed Sadiq Mohiuddin ‘Faheem’ Naqshbandi (may Allah have mercy on him) represents a profound scholarly loss for the Muslim Ummah.
مضمون نگار: اسدالعلماء محمد محسن پاشاہ قادری، مولوی کامل جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ، محبوب نگر ضلع

(اپنا ورنگل)

محبوب نگر :

انسانی زندگی فانی ہے ، مگر وہ زندگی جو علمِ دین کی اشاعت ، خدمتِ خلق ، اصلاحِ معاشرہ ، فروغِ تعلیم ، رہنمائیِ ملت اور رضائے الٰہی کے حصول میں بسر ہو ، وہ اپنے پیچھے ایسے نقوش چھوڑ جاتی ہے جنہیں زمانے کی گردشیں بھی مٹا نہیں سکتیں ۔ بعض شخصیات اپنی ذات تک محدود نہیں رہتیں بلکہ اپنی علمی وعملی بصیرت ، اخلاقی عظمت ، دینی حمیت ، فکری اعتدال اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک عہد کی نمائندگی کرتی ہیں ۔ ان کی رحلت محض ایک فرد کی جدائی نہیں ہوتی بلکہ ایک علمی ، فکری اور روحانی سرمایہ سے محرومی کا احساس پیدا کرتی ہے ۔

حضرت علامہ مولانا مفتی حافظ الحاج سید صادق محی الدین فہیمؔ نقشبندی مجددی قادری علیہ الرحمہ بھی ایسی ہی ممتاز علمی و دینی شخصیت تھے ، جنہوں نے اپنی پوری زندگی علومِ اسلامیہ کی تدریس ، فقہ و افتاء ، قرآن حکیم و فنِ قرأت ، تحقیق و تصنیف ، اردو زبان و ادب ، اصلاحِ معاشرہ ، تعلیم و تربیت اور ملی و سماجی خدمات کے لئے وقف کردی ۔ آپ کا سانحۂ ارتحال اہلِ علم ، اربابِ جامعہ نظامیہ ، علماء کرام و مشائخ عِظام ، شاگردوں ، متعلقین اور محبانِ علم و ادب کے لئے ایک نا قابلِ فراموش قلبی صدمہ ہے ۔قرآنِ حکیم کی روشنی میں حیات و ممات کا فلسفہ قرآنِ مجید نے انسان کو بارہا اس حقیقت کی یاد دہانی کرائی ہے کہ دنیا کی زندگی عارضی اور آخرت کی زندگی دائمی ہے ۔

ارشادِ باری تعالیٰ ہے:كُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَةُ الْمَوْتِ ۗ وَإِنَّمَا تُوَفَّوْنَ أُجُورَكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ۔ترجمہ: ہر جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے اور تمہیں تمہارے اعمال کا پورا بدلہ قیامت کے دن دیا جائے گا ۔ ( سورۃ آل عمران: 185 ) موت ایک اٹل حقیقت ہے ، جس سے کسی انسان کو مفر نہیں ، لیکن انسان کے اعمال ، اس کی علمی و دینی خدمات ، اس کے حُسنِ اخلاق اور اس کے چھوڑے ہوئے نیک آثار اسے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے اہلِ علم کی عظمت و فضیلت کو بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:إِنَّمَا يَخْشَى اللّٰهَ مِنْ عِبَادِهِ الْعُلَمَآءُ۔ترجمہ: اللہ کے بندوں میں اس سے وہی ڈرتے ہیں جو علم والے ہیں۔

( سورۃ فاطر: 28 )یہ آیت اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ حقیقی علم انسان کے اندر معرفتِ الٰہی ، خشیتِ خداوندی ، تقویٰ اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرتا ہے ۔ حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ علیہ الرحمہ کی زندگی بھی اسی علمی و دینی مزاج کی آئینہ دار تھی ۔ آپؒ نے علم کو محض حصولِ شہرت یا منصب کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اسے دینی رہنمائی ، شرعی مسائل کے حل اور معاشرتی اصلاح کا وسیلہ بنایا ۔ولادت، خاندانی پس منظر اور ابتدائی تعلیم-حضرت مولانا مفتی حافظ سید صادق محی الدین فہیمؔ علیہ الرحمہ نقشبندی ولادت 11 اپریل 1948ء کو ہوئی ۔ آپؒ کے والد گرامی حضرت سید قادر محی الدین علیہ الرحمہ گورنمنٹ ہائی اسکول ضلع پرگی میں صدر مدرس کے منصب پر فائز تھے ۔ ایک علمی و تعلیمی ماحول میں پرورش پانے کی وجہ سے آپ کو بچپن ہی سے تعلیم و تعلم سے خصوصی شغف پیدا ہوگیا تھا ۔

آپؒ نے ابتدائی تعلیم کے ساتھ حفظِ قرآن مجید کی تکمیل 1959ء میں دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹھ ملحقہ جامعہ نظامیہ ، ضلع محبوب نگر میں کی ۔ قرآنِ کریم کے حفظ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد آپ نے دینی علوم کے اعلیٰ مراحل کی تکمیل کے لئے اپنی توجہ جامعہ نظامیہ کی طرف مرکوز کی ۔آپؒ کی شخصیت میں حافظ ، قاری ، عالم ، فاضل ، مفتی اور محقق ہونے کے ساتھ اردو زبان و ادب کا نہایت پاکیزہ ذوق بھی موجود تھا ۔ علم و ادب سے گہری دلچسپی ، شعر و سخن سے وابستگی اور زبان و بیان پر قدرت نے آپ کے اندر ایک صاحبِ طرز ادیب اور شاعر کو پروان چڑھایا ۔

یہی وجہ ہے کہ آپؒ کی علمی تحریروں میں فقہی استدلال کے ساتھ ادبی لطافت اور شائستگی بھی نمایاں نظر آتی تھی ۔جامعہ نظامیہ سے علمی وابستگی اور اعلیٰ اسناد جامعہ نظامیہ برصغیر کی عظیم اسلامی دانش گاہوں میں ایک ممتاز مقام رکھتی ہے ۔ اس علمی و دینی مرکز سے وابستگی حضرت مفتی صاحبؒ کی زندگی کا ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوئی ۔آپؒ نے 1961ء میں جامعہ نظامیہ میں جماعت پنجم میں داخلہ لیا اور مسلسل محنت و جستجو کے ذریعے علمی منازل طئے کرتے ہوئے 1967ء میں جماعت مولوی ، 1969ء میں مولوی عالم اور 1971ء میں مولوی فاضل کی اسناد حاصل کیں ۔

اسی سال اعلیٰ سند کامل الفقہ سے بھی سرفراز ہوئے ۔فنِ قرأت میں حضرت سیدناامام عاصم کوفی رحمۃ اللہ علیہ کی روایت سے 1964ء میں سند حاصل کی ، جبکہ 1966ء میں قرأتِ سبعہ کی اسناد سے بھی نوازے گئے ۔ اس کے علاوہ 1969ء میں ادیب ماہر ، 1970ء میں ادیب کامل اور 1975ء میں عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم او ایل کی ڈگری حاصل کی ۔یہ علمی سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ آپؒ نے دینی علوم کے ساتھ زبان و ادب اور عصری تعلیمی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھارا اور ایک ہمہ جہت علمی شخصیت کے طور پر اپنی انفرادی شناخت قائم کی ۔ جامعہ نظامیہ کی تدریس اور دارالافتاء میں گراں قدر خدمات حضرت مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ نقشبندی علیہ الرحمہ نے 24 دسمبر 1972ء کو اپنی مادرِ علمی جامعہ نظامیہ کے شعبۂ حفظ القرآن سے عملی علمی خدمات کا آغاز کیا ۔

بعد ازاں عالم کورس کی تدریس اور دار الافتاء میں نائب مفتی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ۔ یہ سلسلہ 2009ء تک جاری رہا ۔تقریباً ساڑھے تین دہائیوں سے زائد عرصہ تک جامعہ نظامیہ کے علمی ماحول میں آپ کی تدریسی و افتائی خدمات جاری رہیں ۔ اس دوران آپ نے طلبہ کی علمی تربیت ، دینی مسائل کی تفہیم ، فقہی رہنمائی اور شرعی احکام کی وضاحت میں اہم کردار ادا کیا ۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:مَنْ يُرِدِ اللّٰهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ ۔ترجمہ: اللہ تعالیٰ جس شخص کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے ۔

( صحیح البخاری، صحیح مسلم ) –دین کی صحیح سمجھ ، فقہی بصیرت اور شرعی مسائل میں رہنمائی ایک عظیم ذمہ داری ہے ۔ حضرت مفتی صاحبؒ نے اپنی علمی زندگی کا بڑا حصہ اسی ذمہ داری کی ادائیگی میں صرف کیا ۔آپؒ نے شیخ الاسلام عارف باللہ حضرت علامہ حافظ امام محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادر بانیء جامعہ نظامیہ رضوان اللہ علیہ کے شاگرد حضرت مولانا سید عبدالرزاق قادری رحمۃ اللہ علیہ کے قائم کردہ انوارالعلوم لطیفیہ عربی ڈگری کالج ، مغل پورہ حیدرآباد میں 1973ء سے 2006ء تک بحیثیت لکچرار خدمات انجام دیں ۔ اس کے علاوہ اسلامک ریسرچ سنٹر جامعہ نظامیہ کے نائب ناظم کی حیثیت سے بھی علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔فقہ و افتاء ، تحقیق و تصنیف اور جدید مسائل میں رہنمائی حضرت مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ صاحب نقشبندی علیہ الرحمہ کی شخصیت کا ایک اہم اور نمایاں پہلو فقہی بصیرت اور تحقیقی ذوق تھا ۔

آپ قومی و بین الاقوامی فقہی سمیناروں میں شرکت فرماتے ، جدید پیش آمدہ مسائل پر علمی و اصلاحی مقالے پیش کرتے اور شرعی اصولوں کی روشنی میں مسائل کے حل کی کوشش کرتے تھے ۔آپؒ کی تحریروں میں علمی ثقاہت ، دلائل کی مضبوطی ، استدلال کی سنجیدگی اور اسلوبِ بیان کی شائستگی پائی جاتی تھی ۔ آپ کا قلم محض معلومات کی فراہمی تک محدود نہیں تھا بلکہ تحریر کے ذریعے اصلاحِ فکر اور اصلاحِ عمل کا پیغام بھی دیتا تھا ۔آپؒ کے بارے میں یہ بات مشہور تھی کہ تحریر میں دلائل کی گرمی اور گفتگو میں نرمی رکھتے تھے ہرایک سے خندہ پیشانی سے ملتے تھے ۔ یہ ایک ایسے صاحبِ علم کی صفت ہے جو علمی اختلاف کے باوجود ادب ، تحمل اور وقار کو مقدم رکھتا ہے ۔

اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں اہلِ علم کی طرف رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:فَاسْأَلُوا أَهْلَ الذِّكْرِ إِنْ كُنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ۔ترجمہ: اگر تم نہیں جانتے تو اہلِ علم سے پوچھو۔ ( سورۃ النحل: 43 )یہ قرآنی تعلیم اس حقیقت کی بنیاد ہے کہ دینی و شرعی معاملات میں مستند اہلِ علم کی رہنمائی حاصل کی جائے ۔ حضرت مفتی صاحبؒ نے اپنی افتائی اور تحقیقی خدمات کے ذریعے اسی قرآنی اصول کی عملی ترجمانی کی ۔آپؒ کی مطبوعہ تصانیف میں انوارِ حج و زیارت اور حقوقِ وطن اور اسلام خصوصی اہمیت کی حامل ہیں ۔ انوارِ حج و زیارت فقہی مسائل کے انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے ، جبکہ حقوقِ وطن اور اسلام میں دینی ذمہ داریوں اور وطنی حقوق کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے ۔

آپؒ کی زیرِ طبع تصانیف میں بیاضِ دل ( نعتیہ مجموعہ )، ایمان اور اس کے تقاضے ، فقہی مباحث اور اسلام کا پیغام شامل ہیں ۔ آپؒ کے سینکڑوں علمی و تحقیقی مضامین اور مقالے مختلف اخبارات و رسائل میں شائع ہوئے ، جبکہ متعدد تحریریں اشاعت کی منتظر رہیں ۔یہ علمی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لئے تحقیق ، مطالعہ اور استفادے کا ایک اہم ذریعہ ہے ۔قرآن کریم و حدیث نبویؐ کی روشنی میں علم کی اشاعت اور صدقۂ جاریہ اسلام نے علم کی اشاعت کو عظیم عبادت اور انبیائے کرام علیہم السلام کی وراثت قرار دیا ہے ۔ حضور اکرم ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے:الْعُلَمَاءُ وَرَثَةُ الْأَنْبِيَاءِ۔ ترجمہ: علماء انبیاء کے وارث ہیں۔ ( سنن ابی داؤد، حدیث: 3641؛ جامع ترمذی، حدیث: 2682 )

اس حدیثِ مبارکہ میں علماء کرام کی عظمت اور ان کی ذمہ داری دونوں واضح ہوتی ہیں ۔ انبیائے کرام علیہم السلام نے دین و ہدایت کا پیغام پہنچایا ، لہٰذا علماء کرام پر بھی لازم ہے کہ وہ علمِ نافع کی اشاعت ، تعلیم و تربیت اور امت کی دینی رہنمائی کا فریضہ انجام دیں ۔ ایک دوسری حدیث میں رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : إِذَا مَاتَ ابْنُ آدَمَ انْقَطَعَ عَمَلُهُ إِلَّا مِنْ ثَلَاثٍ: صَدَقَةٍ جَارِيَةٍ، أَوْ عِلْمٍ يُنْتَفَعُ بِهِ، أَوْ وَلَدٍ صَالِحٍ يَدْعُو لَهُ ۔ترجمہ: جب انسان وفات پاجاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع ہوجاتا ہے ، سوائے تین چیزوں کے: صدقۂ جاریہ ، ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے ، یا نیک اولاد جو اس کے لئے دعا کرے۔ ( صحیح مسلم، حدیث: 1631 )

اس حدیث مبارکہ کی روشنی میں دیکھا جائے تو حضرت مفتی صاحبؒ کی زندگی میں ان تینوں پہلوؤں کے آثار نمایاں دکھائی دیتے ہیں ۔ آپؒ نے علم دین و راسخ العقیدہ کی اشاعت کے لئے تدریسی و تصنیفی خدمات انجام دیں ، تعلیمی و دینی اداروں کی بنیاد رکھی اور اپنے بعد ایسے فرزندان اور علمی جانشین چھوڑے جو دینی و تعلیمی خدمات میں مصروف ہیں ۔ دینی ، سماجی اور قومی اداروں میں خدمات حضرت مفتی سید صادق محی الدین صاحب فہیمؔ نقشبندی علیہ الرحمہ کی خدمات صرف جامعہ نظامیہ یا تدریس و افتاء تک محدود نہیں رہیں بلکہ آپ نے مختلف قومی ، سماجی اور فلاحی اداروں میں بھی نمایاں ذمہ داریاں نبھائیں ۔

آپؒ آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی اور اسٹیٹ لیول ماس میریجز کمیٹی کے معزز رکن رہے ۔ آپؒ کی علمی ، تنظیمی اور انتظامی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے آپؒ کو ہندوستانی وفد کی رہنمائی کے لئے خادم الحجاج منتخب کیا ۔حج جیسی عظیم عبادت کے دوران عازمینِ حج کی رہنمائی ، ان کی سہولتوں کا خیال اور مناسکِ حج کی درست ادائیگی میں معاونت ایک بڑی دینی و ملی خدمت ہے ۔ آپؒ دارالقضاء والافتاء حیدرآباد ، دارالعلوم انوار قادر حیدرآباد اور سید قادر محی الدین ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کے مؤسس و صدرنشین کی حیثیت سے بھی تادم زیست خدمات انجام دیتے رہے ۔

اس کے علاوہ تنظیم اصلاحِ معاشرہ و ازالۂ منکرات حیدرآباد ، کمیٹی صلاح و مشاورت برائے ازدواجی مسائل تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ ، کنفیڈریشن آف والنٹری ایسوسی ایشن ( COVA ) ، آل انڈیا یونائیٹڈ مسلم فورم اور ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن جیسے اداروں سے وابستہ رہے ۔آپؒ آصف جاہ ثامن نواب میر برکت علی خان بہادر مرحوم ، نبیرہ آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان بہادر مرحوم کے مشیر امورِ مذہبی کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دیتے رہے ۔یہ تمام ذمہ داریاں آپؒ کی علمی صلاحیت ، سماجی بصیرت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اعتماد و وقار کی عکاس ہیں ۔

اصلاحِ معاشرہ اور سید صادق محی الدین ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی –حضرت مفتی صاحبؒ کی زندگی کا ایک اہم کار نامہ سید صادق محی الدین ایجوکیشنل ویلفیر سوسائٹی کا قیام اور اس کے ذریعے دینی و عصری تعلیم کا فروغ ہے ۔15 جُمادیٰ الاُخریٰ 1429ھ، مطابق یکم جولائی 2007 ء بروز اتوار ، اس سوسائٹی کی سرگرمیوں کا آغاز عمل میں آیا ۔ اس کے بنیادی مقاصد علومِ اسلامیہ کی روشنی عام کرنا ، اصلاحِ عمل ، نوجوانوں اور نونہالوں کی دینی تربیت اور تعلیم کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنانا تھے ۔اس سوسائٹی کے تحت تین اہم دینی شعبے سرگرم رہے:1۔ دارالقضاء والافتاء الہند : معاشی ، معاشرتی ، خاندانی اور عائلی مسائل کے حل کے لئے کتاب و سنت کی روشنی میں ِافہام و تفہیم کے ذریعے رہنمائی فراہم کی جاتی رہی ۔ زبانی شرعی سوالات کے جوابات کے ساتھ تحریری فتاویٰ بھی جاری کئے جاتے تھے ۔

غیر مسلم افراد کو قبولِ اسلام کے سلسلے میں بھی رہنمائی فراہم کی جاتی اور قبولیتِ اسلام کے صداقت نامے جاری کئے جاتے تھے ، جن کے سلسلے میں محکمہء اوقاف تلنگانہ کی جانب سے انگریزی سرٹیفکیٹ کا انتظام بھی بیان کیا گیا ہے ۔2۔ دارالعلوم انوار قادر: مسجد معاذ ، ملت نگر میں قائم اس ادارے میں ناظرہ و حفظِ قرآن مجید کی تعلیم کے ساتھ بنیادی اسلامی احکام و مسائل اور ضروری اردو و انگریزی تعلیم کا انتظام کیا گیا ۔ نوجوانوں ، بزرگوں ، ملازمت پیشہ افراد ، تاجروں اور اسکول و کالج کے طلبہ کے لئے الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں ، تاکہ ہر طبقہ اپنی مصروفیات کے ساتھ دینی تعلیم حاصل کرسکے ۔3۔

مجلس دعوت و ارشاد: اسلامی احکام اور اصلاحی پیغام کو عام کرنے کے لئے ہفتہ واری اجتماعات منعقد کئے جاتے رہے ، جن سے مرد و خواتین دونوں استفادہ کرتے رہے ۔ اس سوسائٹی کے ناظم و نگران مولانا ڈاکٹر مفتی حافظ سید فاروق محی الدین صاحب نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ ہیں ۔عصری تعلیم کے فروغ میں قابلِ قدر خدمات حضرت مفتی صاحبؒ نے دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم کی اہمیت کو بھی محسوس کیا ۔ آپؒ کا تصور یہ تھا کہ نئی نسل دینی اِقدار سے وابستہ رہتے ہوئے جدید تعلیمی میدان میں بھی ترقی کرے اور ملک و ملت کے لئے مفید شہری بنے ۔

اسی مقصد کے تحت سید صادق محی الدین ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ انتظام سری چندرا جونیر کالج ، سری چندرا ڈگری کالج ، سری چندرا ایس ایس سی و انٹر پاس اسٹڈی سینٹر ، سری چندرا کونٹ ہائی اسکول ، سری چندرا کمپیوٹر کوچنگ سنٹر اور سری چندرا کامپیٹیٹیو کوچنگ سنٹر جیسے تعلیمی اداروں کی سرگرمیاں جاری رہیں ۔ان اداروں کا بنیادی مقصد طلبہ کو عصری علوم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ضروری دینی تربیت فراہم کرنا ، ان کے کردار کو سنوارنا اور انہیں ایک با اخلاق ، با صلاحیت اور ذمہ دار شہری بنانا تھا ۔ قرآنِ کریم میں دعا کی تعلیم دی گئی ہے:وَقُلْ رَبِّ زِدْنِي عِلْمًا۔ترجمہ: اور عرض کرو: اے میرے رب! میرے علم میں اضافہ فرما۔ ( سورۃ طٰہٰ: 114 )یہ مختصر مگر جامع قرآنی دعا علم کی عظمت اور اس کے مسلسل حصول کی اہمیت کو واضح کرتی ہے ۔

حضرت مفتی صاحبؒ نے دینی و عصری تعلیم کے اداروں کے قیام کے ذریعے اسی پیغام کو عملی شکل دینے کی بھرپور کوشش کی ۔روحانی وابستگی اور سلسلۂ نقشبندیہ مجددیہ و قادریہ سے نسبت-علمی و فقہی عظمت کے ساتھ حضرت مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ نقشبندی علیہ الرحمہ کی شخصیت کا ایک اہم پہلو روحانی وابستگی اور سلوک و تصوف سے تعلق بھی تھا ۔رجوع الی اللہ اور اصلاحِ باطن کے لئے آپ نے جانشین محدثِ دکنؒ فخرالعلماء والمحدثین ابوالحسنات حضرت علامہ الحاج سید عبداللہ شاہ صاحب قبلہ نقشبندی مجددی قادری رحمۃ اللہ علیہ ، صاحبِ زجاجۃ المصابیح کے فرزندِ اکبر اور جانشینِ اعظم حضرت مولانا ابوالبرکات الحاج سید خلیل اللہ شاہ صاحب قبلہ نقشبندی مجددی و قادری رحمۃ اللہ علیہ کو اپنا مرشد منتخب کیا اور ان سے روحانی فیض حاصل کیا ۔

آپؒ کے سلسلۂ نسب کے مشہور بزرگ حضرت سید شاہ عبد الواحد قادری المعروف غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ بھینسہ، تلنگانہ ہیں ، جن کا نسبی تعلق حضرت پیران پیر سیدنا غوثِ اعظم دستگیر عبدالقادر جیلانی محبوبِ سبحانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بیان کیا جاتا ہے۔یہ نسبت آپ کے روحانی تشخص اور خاندانی روایت کا اہم حصہ تھی۔آپ کو 16 مرتبہ حجِ بیت اللہ اور زیارتِ روضۂ رسول ﷺ کی سعادت حاصل ہوئی ، جبکہ 12 مرتبہ عمرہ اور زیارتِ حرمین شریفین سے بھی مشرف ہوئے ۔ یہ سفر محض سفری اعزاز نہیں بلکہ عبادت ، شوقِ زیارت اور حرمین شریفین سے قلبی تعلق کی علامت تھے ۔اردو زبان و ادب اور نعتیہ شاعری سے خصوصی شغف-حضرت مفتی صاحبؒ کی شخصیت میں فقہ و افتاء اور تحقیق و تصنیف کے ساتھ ادبی ذوق بھی نمایاں تھا ۔

آپؒ اردو زبان و ادب سے گہری دلچسپی رکھتے تھے ۔ مختلف روزناموں اور رسائل میں آپ کے مضامین ، حمدیہ و نعتیہ کلام شائع ہوتے رہے ۔آپؒ کے اندر موجود شاعر اور ادیب کی جھلک آپ کے تخلص ’’فہیمؔ‘‘ سے بھی ظاہر ہوتی تھی ۔ آپؒ نے حمد بارئ تعالیٰ و نعت شریف کے ذریعے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا ، تاہم زندگی میں آپؒ کا مکمل مجموعۂ کلام شائع نہ ہوسکا ۔ آپؒ کا نعتیہ مجموعہ ’’بیاضِ دل‘‘ زیرِ طبع تصانیف میں شامل تھا ۔یہ اہلِ قلم کے لئے ایک قابلِ توجہ پہلو ہے کہ آپ کی علمی و فقہی تحریروں کے ساتھ ادبی تخلیقات بھی محفوظ و مرتب کی جائیں ، تاکہ آنے والی نسلیں آپؒ کے علمی اور ادبی دونوں پہلوؤں سے استفادہ کرسکیں ۔طویل عمر ، مسلسل جدوجہد اور آخری ایام تک خدمتِ دین حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ علیہ الرحمہ طویل العمری کے باوجود علمی ، دینی ، سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مسلسل مصروف رہے ۔

مختلف علمی نشستوں ، اجتماعات ، اسفار اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے آپؒ نے اپنی زندگی کا قیمتی وقت خدمتِ دین و ملت کے لئے وقف رکھا ۔رسول اللہ ﷺ نے علم کی تلاش اور اس کے حصول کے راستے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: مَنْ سَلَكَ طَرِيقًا يَلْتَمِسُ فِيهِ عِلْمًا سَهَّلَ اللّٰهُ لَهُ بِهِ طَرِيقًا إِلَى الْجَنَّةِ۔ ترجمہ: جو شخص علم حاصل کرنے کے لئے کسی راستے پر چلتا ہے ، اللہ تعالیٰ اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرما دیتا ہے ۔ ( صحیح مسلم، حدیث: 2699 )آپؒ کی زندگی اس حدیثِ مبارکہ کے عملی مفہوم کی ایک قابلِ ذکر مثال تھی ، کیونکہ آپؒ نے علم کے حصول کے بعد اس کی اشاعت ، درس و تدریس ، تحقیق ، تصنیف اور عملی رہنمائی میں اپنی صلاحیتیں صرف کیں ۔سانحۂ ارتحال اور نمازِ جنازہ و تدفین بالآخر یہ علمی و دینی قافلہ اپنے سفر کی منزل پر پہنچا اور حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین صاحب فہیمؔ علیہ الرحمہ نقشبندی کا وصال بروز منگل ، 17 نومبر 2026ء کو دوپہر بعد نمازِ ظہر احرار ہاسپٹل ہوا ۔

آپؒ کی نمازِ جنازہ 17 نومبر 2026ء کی شب ساڑھے دس بجے جامعہ نظامیہ میں آپؒ کے بڑے صاحب زادے حضرت مولانا حافظ الحاج سید۔فاروق محی الدین نقشبندی نے پڑھائی ،مفکر اسلام زین الفقہاء حضرت علامہ الحاج مفتی محمد خلیل احمد صاحب قبلہ قادری امیر جامعہ جامعہ نظامیہ و رکن تأسیسی کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے دعا کی ، جبکہ تدفین نقشبندی چمن مصری گنج ، حیدرآباد میں عمل میں آئی ۔آپؒ کے وصال سے علمی ، فقہی ، ادبی اور سماجی حلقوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔ ایک ایسی شخصیت رخصت ہوگئی جس نے اپنی زندگی کے مختلف ادوار میں درس و تدریس ، افتاء ، تحقیق ، تصنیف وتالیف ، تعلیم ، اصلاح اور خدمتِ خلق کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا استعمال کیا۔آپؒ کے پسماندگان میں تین صاحبزادگان اور پانچ صاحبزادیاں شامل ہیں ۔

صاحبزادگان میں مولانا ڈاکٹر حافظ سید فاروق محی الدین صاحب نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ ، مولانا حافظ الحاج سید شاہد محی الدین صاحب نقشبندی مجددی قادری مولوی کامل جامعہ نظامیہ اور مولانا حافظ سید عارف محی الدین صاحب نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ شامل ہیں اور پانچ صاحبزادیاں موجود ہیں ۔ اللہ تعالیٰ تمام اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل اور مرحوم کے لئے صدقۂ جاریہ بننے کی توفیق عطا فرمائے ۔ایک شخصیت نہیں ، ایک علمی و اصلاحی ادارہ رخصت ہوا-حضرت مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ صاحب نقشبندی علیہ الرحمہ کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے ایک ہی وقت میں کئی علمی و سماجی میدانوں میں خدمات انجام دیں ۔

جامعہ نظامیہ میں تدریس و افتاء ، لطیفیہ عربی ڈگری کالج میں درس و تدریس ، اسلامک ریسرچ سنٹر میں علمی ذمہ داری ، حج کمیٹی میں ملی خدمات ، فقہی سمیناروں میں تحقیقی شرکت ، دارالقضاء والافتاء الہند کے ذریعے شرعی رہنمائی ، دارالعلوم انوار قادر کے ذریعے قرآنی تعلیم ، اور عصری تعلیمی اداروں کے ذریعے نئی نسل کی تربیت ، یہ تمام پہلو آپؒ کی ہمہ جہت شخصیت کا تعارف ہیں ۔آپؒ نے اپنے قلم سے علم و تحقیق کی خدمت کی ، اپنی زبان سے دینی و اصلاحی پیغام عام کیا ، اپنے تدریسی عمل سے طلبہ کی علمی آبیاری کی اور اداروں کے قیام کے ذریعے اپنے مشن کو فرد سے ادارے تک منتقل کیا ۔

کسی عالم کی اصل عظمت صرف اس کے علمی منصب یا اسناد میں نہیں ہوتی بلکہ اس بات میں ہوتی ہے کہ اس کے علم سے کتنے افراد مستفید ہوئے ، اس کی تعلیم سے کتنی نسلیں سنوریں ، اس کی رہنمائی سے کتنے معاشرتی مسائل حل ہوئے اور اس کے قائم کردہ اداروں سے کس قدر خیر کا سلسلہ جاری رہا ۔اسی تناظر میں حضرت مفتی صاحبؒ کی خدمات کا جائزہ لیا جائے تو آپؒ کی زندگی ایک ایسے علمی و اصلاحی سفر کی داستان دکھائی دیتی ہے جس کے اثرات ان شاء اللہ آئندہ بھی باقی رہیں گے ۔خراجِ عقیدت اور دعاء-بلاشبہ حضرت علامہ مفتی حافظ سید صادق محی الدین فہیمؔ نقشبندی مجددی قادری علیہ الرحمہ کا وصال ملتِ اسلامیہ ، بالخصوص علمی و فقہی حلقوں کے لئے ایک بڑا نقصان ہے ۔ آپؒ کی رحلت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے ، اسے پُر کرنا آسان نہیں ، تاہم آپؒ کے علمی ورثے ، تصانیف ، قائم کردہ اداروں اور تربیت یافتہ نسلوں کے ذریعے آپ کا مشن جاری رکھا جاسکتا ہے ۔

ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسے اہلِ علم کی خدمات کو صرف تعزیتی کلمات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے علمی سرمایہ کو محفوظ کیا جائے ، غیر مطبوعہ مقالات و تصانیف کو مرتب کرکے شائع کیا جائے ، نعتیہ مجموعہ بیاضِ دل کو اشاعت کے مرحلے تک پہنچایا جائے اور ان کے قائم کردہ تعلیمی و دینی اداروں کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے ۔یہی ایک صاحبِ علم کے لئے حقیقی خراجِ عقیدت اور ان کے مشن سے وفاداری کا تقاضا ہے ۔اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ حضرت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیمؔ علیہ الرحمہ کی جملہ دینی ، علمی ، تدریسی ، فقہی ، تصنیفی ، ادبی ، سماجی اور ملی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے

۔ ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے ، قبرِ منور کو نور و راحت سے بھر دے ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور حضور اکرم ﷺ کی شفاعتِ عُظمیٰ سے سرفراز فرمائے ۔
اللہ تعالیٰ ان کے صاحبزادگان ، صاحبزادیوں ، متعلقین ، تلامذہ ، مستفیدین اور تمام محبین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور ان کے قائم کردہ علمی و دینی اداروں کو تادیر شمعِ علم و ہدایت روشن رکھنے کی توفیق عطا فرمائے ۔

آمین یا مجیب السائلین ثم آمین یا رحمت اللعٰلمین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم –
✍️ مضمون نگار: اسدالعلماء محمد محسن پاشاہ قادری
مولوی کامل جامعہ نظامیہ
جنرل سیکریٹری، کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ، محبوب نگر ضلع۔