A tractor trolley full of hay caught fire after hitting electric wires

(اپنا ورنگل)
اوٹکور :
نارائن پیٹ ضلع کے اوٹکور منڈل کے موضع پورلہ خورد ، میں بدھ کے روز بجلی کے تاروں سے ٹکرا جانے کے باعث گھاس سے بھری ٹریکٹر ٹرالی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعہ سے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق گاؤں کے ڈپٹی سرپنچ سنجیو ٹریکٹر کے ذریعہ گھاس منتقل کر رہے تھے کہ اردو میڈیم اسکول کے قریب ٹرالی میں موجود گھاس بجلی کے تاروں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں اچانک آگ لگ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بلند ہونے لگے۔واقعہ کو دیکھتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے پانی کے ذریعہ آگ بجھانے کی کوشش کی۔
اس کے علاوہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے جے سی بی مشین کی مدد سے جلتی ہوئی گھاس کو ٹرالی سے نکال کر ایک طرف منتقل کیا گیا۔ گاؤں والوں کی بروقت چوکسی اور دانشمندی کے باعث آگ پر قابو پالیا گیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔اس واقعہ نے دیہی علاقوں میں کم اونچائی پر لٹکنے والی برقی تاروں کے مسئلے کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔
مقامی افراد نے متعلقہ محکمہ برقی کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری طور پر احتیاطی اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچا جاسکے۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندان کو حکومت کی جانب سے مناسب امداد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

