Inauguration of a tailoring center for women in Utkoor
تاج دکن ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے خواتین کو خود مکتفی بنانے کی پہل، سلیم نواب نے کیا افتتاح

(اپنا ورنگل)
اوٹکور:
تاج دکن ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام اوٹکور میں خواتین کو ہنرمند بنانے اور انہیں معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے مقصد سے قائم کردہ ٹیلرنگ سنٹر کا افتتاح سوسائٹی کے صدر سلیم نواب کے ہاتھوں عمل میں آیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ تقریب میں مولانا حافظ غلام محمد خطیب مسجد اسٹیشن، محبوب نگر، غلام غوث موظف لکچرر و سیکریٹری تاج دکن ایجوکیشنل سوسائٹی، محمد رفیق احمد قادری سینئر جرنلسٹ و جنرل سیکریٹری قومی ایکتا کمیٹی، محمد منصور علی ناظم جماعت اسلامی محبوب نگر، محمد صدیق اور عبدالجبار مجاہد نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس کے علاوہ محمد انور باگو، کاظم حسین صدر ایم پی جے ضلع نارائن پیٹ اور دیگر مقامی معززین بھی موجود تھے۔اس موقع پر طالبات نے سلیم نواب کی تعلیمی اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیم نواب نے کہا کہ خواتین کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارت فراہم کرکے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا سوسائٹی کا اہم مقصد ہے۔ اسی جذبے کے تحت ٹیلرنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کمپیوٹر سنٹر بھی کامیابی کے ساتھ چلایا جا رہا ہے، جہاں اب تک تقریباً 120 طلبہ و طالبات تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ انگریزی تعلیم اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے بھی خصوصی کلاسوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس سے مقامی طلبہ و طالبات استفادہ کر رہے ہیں۔مولانا حافظ غلام محمد نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طالبات کو ٹیلرنگ سنٹر سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے سلیم نواب کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔محمد رفیق احمد قادری نے سلیم نواب کی خاموشی کے ساتھ انجام دی جانے والی سماجی و تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کاظم حسین کی سماجی جدوجہد کو بھی سراہا۔غلام غوث نے ٹیلرنگ سنٹر کے قیام کو خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے خواتین اور طالبات سے اپیل کی کہ وہ اس تربیتی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ عبدالجبار مجاہد نے طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا مشورہ دیا۔تقریب کی نظامت کاظم حسین نے انجام دی۔ بعد ازاں مہمانان نے کمپیوٹر سنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی تربیتی سہولتوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر عبدالقدیر، عبدالحمید، محمد آصف، عبدالحق، محمد شاہ، محمد مجیب کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

