گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کے لیے قائدین و کارکنوں کو متحدہ جدوجہد کی ہدایت

Leaders and workers instructed to fight unitedly for BRS’s success in the Graduate MLC elections

ورنگل ایسٹ حلقہ میں 18,500 گریجویٹ ووٹرس کے اندراج کا نشانہ :  نَنّاپونینی نریندر

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آئندہ ورنگل، کھمم، نلگنڈہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر اہل گریجویٹس کے نام ووٹر لسٹ میں درج کروانے کی مہم میں تیزی لائیں اور پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے متحدہ طور پر کام کریں۔اس سلسلے میں راج شری گارڈنس میں ورنگل ایسٹ کے سابق رکن اسمبلی نَنّاپونینی نریندر کی قیادت میں انتخابی تیاریوں سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں سابق چیئرمین اور ورنگل ایسٹ حلقہ کے انتخابی انچارج مری یادو ریڈی نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مری یادو ریڈی نے گریجویٹ ووٹرس کے اندراج کی مہم میں ورنگل ایسٹ حلقہ کی پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں نریندر، ڈیویژن انچارجس، پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ نئے اہل ہونے والے گریجویٹس کی نشاندہی کریں اور پہلے سے درخواستیں داخل کرنے والوں کی تفصیلات کی بھی جانچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اندراج کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈیویژن انچارجس اور ایم ایل سی انتخابات کے کوآرڈینیٹرس گریجویٹس کے گھروں تک پہنچیں اور بوتھ لیول آفیسرس (بی ایل اوز) کے ذریعہ ووٹر رجسٹریشن کی توثیق کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر نَنّاپونینی نریندر نے گریجویٹ ووٹرس کے اندراج کی مہم کو آگے بڑھانے میں تعاون کرنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام قائدین اور کارکنوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ورنگل ایسٹ حلقہ گریجویٹ ووٹرس کے اندراج میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔

نریندر نے بتایا کہ اب تک ورنگل اور قلعہ ورنگل منڈلوں میں مجموعی طور پر 13,650 گریجویٹس نے ووٹر رجسٹریشن کے لیے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ان میں تقریباً 1,600 درخواستیں وردھناپیٹ اور ہنمکنڈہ حلقوں سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کارکنوں کی کوششوں سے ورنگل ایسٹ حلقہ میں 5,600 گریجویٹس کا اندراج عمل میں آیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2024 کے انتخابات کے دوران اس حلقہ میں تقریباً 14,500 گریجویٹ ووٹرس تھے۔ آئندہ انتخابات کے پیش نظر مزید 4,000 گریجویٹس کا اندراج کروانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ورنگل ایسٹ حلقہ میں مجموعی طور پر 18,500 رجسٹرڈ گریجویٹ ووٹرس کا نشانہ مقرر کیا۔

نریندر نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کے پیش نظر ہر ڈیویژن میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے تمام اہل گریجویٹس کا ووٹر کے طور پر اندراج اور زمینی سطح پر ووٹر تفصیلات کی جانچ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔اجلاس میں انتخابی لائحۂ عمل، ووٹر رجسٹریشن کی مہم میں تیزی لانے کے اقدامات اور آئندہ انتخابات کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

نریندر نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے بی آر ایس امیدوار کی کامیابی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔اس اجلاس میں سابق کارپوریٹرس، سابق ڈیویژن صدور، ڈیویژن انچارجس، سینئر پارٹی قائدین، گریجویٹس، خواتین قائدین، نوجوان قائدین اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔