ریاست کے 6 اردو CTCs کو ماڈل کمپیوٹر ٹریننگ سنٹرس کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ

Decision to upgrade six Urdu CTCs in the state into Model Computer Training Centres.

نندیال CTC میں جدید کمپیوٹر سسٹمس کی تنصیب، وزیر اقلیتی بہبود این ایم ڈی فاروق اور اردو اکیڈمی چیئرمین محمد فاروق شبلی کریں گے افتتاح

اردو اکیڈمی کی جانب سے ریاست کے اردو CTCs کے لیے جدید کمپیوٹر سسٹمس کی خریداری، انہیں متعلقہ مراکز تک پہنچانے اور تقسیم کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین محمد فاروق شبلی کی جانب سے مرتب کردہ منصوبۂ عمل کے تحت کرنول، نندیال، منگلگیری، وشاکھاپٹنم، گنٹور اور مدنپلے کے CTCs کو خصوصی طور پر ماڈل CTCs کے طور پر ترقی دی جارہی ہے۔

ان 6 ماڈل CTCs میں ہر مرکز کے لیے 12 تا 15 جدید کمپیوٹر سسٹمس فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ ریاست کے دیگر CTCs میں ضرورت کے مطابق 8 تا 10 کمپیوٹر سسٹمس فراہم کیے گئے ہیں۔

اسی سلسلہ میں نندیال CTC میں نصب جدید کمپیوٹر سسٹمس کا افتتاح وزیر اقلیتی بہبود جناب این۔ ایم۔ ڈی۔ فاروق اور آندھرا پردیش ریاستی اردو اکیڈمی کے چیئرمین جناب محمد فاروق شبلی کریں گے۔ اس موقع پر اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر/سکریٹری (FAC) جناب ڈی۔ نظام الدین، اکاؤنٹس آفیسر، APSUA اور دیگر عہدیداران بھی موجود رہیں گے۔

چیئرمین محمد فاروق شبلی کے وژن کے مطابق CTCs کی جدید کاری کو صرف کمپیوٹر سسٹمس کی فراہمی تک محدود نہیں رکھا گیا ہے بلکہ تمام مراکز کو مرحلہ وار جدید بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ماڈل CTCs کو جدید کمپیوٹر لیابس کے طور پر ترقی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر تمام CTCs میں بھی طلبہ کے لیے آرام دہ، معیاری اور بہتر تربیتی ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جناب محمد فاروق شبلی نے کہا کہ اردو زبان کی ترقی کے ساتھ نوجوانوں کو جدید تعلیم، کمپیوٹر معلومات، ڈیجیٹل مہارتوں اور روزگار کے لیے ضروری تکنیکی تربیت مقامی سطح پر فراہم کرنا اردو اکیڈمی کا بنیادی مقصد ہے۔ خصوصاً اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ، نوجوانوں اور روزگار کے مواقع تلاش کرنے والے افراد کے لیے CTCs کو مؤثر ہنرمندی کے مراکز کے طور پر ترقی دینے اور تربیتی پروگراموں کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر CTC کو جدید تکنیکی سہولیات سے آراستہ ایک مؤثر تربیتی مرکز بنایا جائے گا تاکہ اردو زبان کے ساتھ کمپیوٹر تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور تکنیکی تربیت کے ذریعے نوجوانوں کے لیے بہتر مستقبل کے مواقع پیدا کیے جاسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے تمام CTCs کو مرحلہ وار جدید خطوط پر ترقی دیتے ہوئے تعلیم، ٹیکنالوجی، ہنرمندی اور روزگار کے مقاصد کے تحت مزید مؤثر تربیتی مراکز کے طور پر فروغ دینے کے لیے APSUA پُرعزم ہے۔