Measures should be taken to provide quality and nutritious food to students: Narayanpet District Minority Welfare Officer Rasheed

(اپنا ورنگل)
نارائن پیٹ :
نارائن پیٹ ضلع مرکز کے مضافات میں واقع اقلیتی طلبہ کے جونیئر کالج کا ضلع اقلیتی بہبود افسر رشید نے اتوار کے روز اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالج میں تدریسی امور، طلبہ کی حاضری، رہائش اور کھانے کی سہولیات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا۔سب سے پہلے انہوں نے کالج کے لیکچررس کے حاضری رجسٹر، طلبہ کے حاضری رجسٹر اور دیگر متعلقہ ریکارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔
انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ تمام ریکارڈز کو باقاعدگی سے برقرار رکھا جائے اور طلبہ کی حاضری کی تفصیلات وقتاً فوقتاً درج کی جائیں۔ طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیم کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ان کی تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔بعد ازاں انہوں نے کالج کے اسٹور روم کا معائنہ کیا اور وہاں موجود کھانا پکانے کے سامان اور دیگر غذائی اشیاء کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کھانا فراہم کرنے والی ایجنسی کے ذمہ داران کو واضح ہدایت دی کہ طلبہ کو فراہم کیے جانے والے کھانے کے معیار پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کھانا پکانے میں استعمال ہونے والے سامان کی باقاعدگی سے جانچ کی جائے اور صرف معیاری اشیاء ہی استعمال کی جائیں۔ خاص طور پر دودھ، تیل اور دیگر غذائی اشیاء استعمال کرنے سے قبل ان کی میعادِ استعمال (Expiry Date) لازمی طور پر چیک کی جائے۔ میعاد ختم ہوچکی یا غیر معیاری اشیاء کو کسی بھی صورت استعمال نہ کیا جائے۔افسر رشید نے مزید ہدایت دی کہ طلبہ کو فراہم کیے جانے والے پھل، انڈے اور دیگر غذائیت بخش اشیاء تازہ اور معیاری ہوں۔
طلبہ کی صحت اور بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کھانا تیار کرتے وقت صفائی کے تمام اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے۔انہوں نے کچن اور اسٹور روم کے اطراف کو صاف ستھرا رکھنے اور غذائی اشیاء کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت دی۔کالج میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور کسی بھی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں فوری طور پر اعلیٰ حکام کے علم میں لایا جائے۔
طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہتر رہائشی سہولیات اور غذائیت بخش خوراک فراہم کرنے کے لیے متعلقہ افسران اور عملہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔اس موقع پر ضلع بی سی بہبود افسر عبد الخلیل، کالج پرنسپل جگدیشور اور کالج کے تدریسی عملے نے شرکت کی۔

