A grand gathering on the Seerat-un-Nabi (PBUH) was organized by Jamiat-e- Ulema Jangaon, and prizes were distributed among 270 students

(اپنا ورنگل)
جنگاؤں :
جمعیت علماء ہند، ضلع جنگاؤں شاخ کے زیر اہتمام ضلع مستقر جنگاؤں کے گایتری گارڈن میں جلسہ سیرت النبی ﷺ و تقسیم انعامات کا عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے مسلمانوں کو اپنے گھروں کو اسلامی نمونہ بنانے، بچوں کو سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ کا عادی بنانے اور اسکولی طلبہ و طالبات کی دینی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔جلسے کا آغاز حافظ محمد خواجہ مستنیر الدین، متعلم مدرسہ فیض العلوم کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ محمد خواجہ مفیض الدین سہیل نے نعت شریف پیش کی۔
جلسے کی صدارت مولانا محمد عبدالرحمن سبیلی، صدر جمعیت علماء جنگاؤں نے کی، جبکہ حضرت مولانا محمد عبدالحفیظ قاسمی، سرپرست جمعیت علماء جنگاؤں کی سرپرستی میں پروگرام منعقد ہوا۔ماہ ربیع الاول کے موقع پر اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات میں سیرت النبی ﷺ سے واقفیت پیدا کرنے کے مقصد سے منعقدہ سیرت کوئز اور تحریری مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے 270 طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
جلسے میں مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد زکریا احمد قاسمی (ورنگل) نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کے تعلیمی کیریئر پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے بچوں کو دین کا داعی بنانے اور ارتداد سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی سرگرمیوں کی گہری نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ارتداد کی تین بڑی وجوہات جہالت، غربت و پسماندگی اور غلط فہمیوں کے علاوہ سوشل میڈیا کا ناجائز استعمال ہیں۔
مفتی محمد یونس القاسمی، ریاستی ناظم سیرت کوئز مقابلہ جات و صدر جمعیت علماء کریم نگر نے کہا کہ ہر مسلمان کو اپنے معاملات، اخلاق، کردار، عبادات اور معاشرتی زندگی میں رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو سامنے رکھنا چاہیے۔ کسی انسان کو تکلیف نہ پہنچانا، دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا، جھوٹ، دھوکہ دہی اور برے کاموں سے اجتناب کرنا اور تمام لوگوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔جمعیت علماء تلنگانہ کے ریاستی جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ پانچوں وقت کی نماز کی پابندی کریں، قرآن و سنت سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ و تعلیمات کا مطالعہ کرکے انہیں اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل مختلف مصروفیات اور ذرائع ابلاغ میں گھری ہوئی ہے، جس کے باعث بہت سے نوجوانوں اور طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے مکمل واقفیت حاصل نہیں ہو پاتی۔ ایسے حالات میں سیرت النبی ﷺ کے جلسے، مسابقے، کوئز اور دیگر تعلیمی و دینی سرگرمیاں نئی نسل کو رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔حافظ پیر خلیق احمد صابر نے مزید کہا کہ بچوں اور نوجوانوں میں دینی شعور، اچھے اخلاق اور اسلامی اقدار پیدا کرنے کے لیے والدین، اساتذہ، علماء اور دینی تنظیموں کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے جمعیت علماء ضلع جنگاؤں کی جانب سے سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اس طرح کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔حضرت مولانا محمد عبدالحفیظ قاسمی نے کہا کہ ضلع جنگاؤں میں جمعیت علماء کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں عوام کا تعاون اور شرکت شامل رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے سچی محبت رکھنا اور آپ ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
پانچوں وقت کی نماز ہر مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے جمعیت علماء جنگاؤں کے تمام ذمہ داران کو سیرت اسلامی کوئز کے منظم اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔مولانا شاکر حسین قاسمی نے کہا کہ مسلم معاشرے میں غیر ضروری سرگرمیوں کا رجحان بڑھ رہا ہے، جبکہ ہمیں ان کاموں پر توجہ دینی چاہیے جن کی تعلیم اللہ تعالیٰ اور نبی کریم ﷺ نے دی ہے۔ قرآن و سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔جمعیت علماء جنگاؤں کے خازن محمد خواجہ مجتہد الدین نے کہا کہ سیرت کوئز مقابلے میں 270 طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی، جو ایک اچھی مثال ہے۔
اس طرح کے امتحانات سے نہ صرف دینی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا شوق اور جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے تمام شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں جمعیت علماء کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی۔محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں نے کہا کہ جمعیت علماء جنگاؤں کے ذمہ داران نے سیرت کوئز کا انعقاد کرکے ایک اہم کام انجام دیا ہے۔
ایسے امتحانات سے مسلمانوں میں دینی بیداری پیدا ہوتی ہے اور طلبہ و طالبات علم دین سے قریب ہوتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر سیرت النبی ﷺ کے عنوان پر منعقدہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اول انعام کے طور پر 5,000 روپے، دوم انعام 3,000 روپے اور سوم انعام 2,000 روپے دیے گئے، جبکہ تمام شرکاء کو اعزازی انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔
پروگرام کی نظامت محمد خواجہ مجتہد الدین نے انجام دی۔ مولانا شاکر حسین قاسمی نے اظہار تشکر کیا، جبکہ مولانا فصیح الاسلام کی دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پر جمعیت علماء جنگاؤں کے اراکین حافظ مصلح الدین سعید، حافظ ارشد، حافظ عبدالجواد، حافظ عبدالمنان، حافظ نعیم الدین، حافظ انصار، حافظ شاکر حسین، حافظ سجاد، حافظ عمران، شبیر احمد اور عدنان احمد شیخ کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

