ورنگل میں مرکزی سرکاری ملازمین کو معیاری طبی سہولتیں جلد دستیاب ہوں گی۔

Quality medical facilities will soon be available to central government employees in Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ورنگل میں مرکزی حکومت کی صحت اسکیم (CGHS) کے تحت ویلنس سنٹر کے قیام کا عمل تیز ہوگیا ہے۔ پیر کو ورنگل کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے CGHS اور مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر پروین بالا اور طبی ٹیم کے ہمراہ کی. یو. کراس کے قریب آل انڈیا ریڈیو اسٹیشن کے احاطہ میں واقع مجوزہ عمارتوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر عمارت اور بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے عہدیداروں سے دیوالی تک طبی خدمات شروع کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی اپیل کی۔ویلنس سنٹر کے قیام کی تجویز مالی منظوری کے لیے مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کے پاس زیرالتوا تھی۔ ڈاکٹر کڈیم کاویہ نے حال ہی میں دہلی میں مرکزی وزارت کے سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے منظوری جلد جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ویلنس سنٹر کے قیام کے لیے اپنے ایم پی فنڈ سے 10 لاکھ روپے فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا مقصد سنٹر میں بنیادی طبی خدمات کے ساتھ کارپوریٹ سطح کی طبی سہولتیں، او پی خدمات، طبی معائنے، ادویات، علاج اور سرجری کے لیے ریفرل سہولتیں فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ میڈی کوور اور لینوو اسپتالوں کے ساتھ ایمپینلمنٹ/الحاق کا عمل موجود ہے۔

CGHS ویلنس سنٹر کے قیام سے ورنگل، ہنمکنڈہ اور اطراف کے علاقوں میں تقریباً 12 ہزار مرکزی سرکاری ملازمین، پنشنرس، ریٹائرڈ ملازمین اور ان کے زیرکفالت افراد کو معیاری طبی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔

News Source : M.F. Baig Riaz