Coordination among departments necessary to resolve traffic problems in Warangal, Hanamkonda, Kazipet: Police Commissioner N. Shweta

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
ورنگل ٹرائی سٹی حدود میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ یہ ہدایت ورنگل پولیس کمشنر این. شویتا نے دی۔ ٹریفک مسائل پر قابو پانے اور سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے جمعرات کو پولیس کمشنر کی زیر صدارت خصوصی ٹریفک مینجمنٹ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گریٹر ورنگل میونسپل کمشنر وینکنا، این ایچ اے آئی پی ڈی بھاردواج کے علاوہ روڈز اینڈ بلڈنگس، میونسپل اور ٹریفک محکمہ کے افسران اور ٹرائی سٹی حدود کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کے افسران نے شرکت کی۔
ٹریفک پولیس افسران نے شہر میں بار بار سڑک حادثات پیش آنے والے بلیک اسپاٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے تفصیلات پیش کیں۔اجلاس میں شہر میں موجود ٹریفک سگنلز کی کارکردگی، ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ علاقوں میں نئے ٹریفک سگنلز کی ضرورت والے جنکشنز، ٹریفک مسائل کا سبب بننے والے سڑکوں کے تجاوزات، ہٹائے جانے والے ٹیلی فون اور بجلی کے کھمبے، پارکنگ مقامات کی تعمیر، سڑکوں کی مرمت، یو ٹرن والے مقامات پر سولار بلنکرز کی تنصیب اور آٹو اسٹینڈز کے لیے مناسب مقامات کی نشاندہی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پولیس کمشنر این. شویتا نے کہا کہ امن و امان کی برقراری کے ساتھ ٹریفک کنٹرول کو بھی افسران یکساں ترجیح دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائی سٹی حدود میں رات کے اوقات میں مناسب روشنی نہ ہونے والے 159 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ان مقامات پر اسٹریٹ لائٹس لگانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ خطرناک مقامات، اہم چوراہوں، سڑک کے موڑ اور غیر مجاز پارکنگ والے علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ضروری کارروائی کرنے اور سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے ضرورت کے مطابق پیشگی احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
گریٹر ورنگل میونسپل کمشنر وینکنا نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کنٹرول کے سلسلے میں پولیس افسران کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور میونسپل محکمہ کے افسران مشترکہ طور پر فیلڈ کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کا جائزہ لیں تو ٹریفک کنٹرول کے لیے درکار اقدامات کی بہتر انداز میں نشاندہی کی جا سکتی ہے۔اجلاس میں سنٹرل زون ڈی سی پی دارا کویتا، ہنمکنڈہ اے سی پی نرسِم راؤ، ٹریفک اے سی پی ستیہ نارائن کے علاوہ ٹریفک محکمہ کے افسران، ٹرائی سٹی حدود کے پولیس اسٹیشنوں کے انسپکٹرز، آئی ٹی کور، ٹی ٹی آئی انسپکٹرز، میونسپل اور آر اینڈ بی محکمہ کے افسران نے شرکت کی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

