Strict action will be taken against those who install flex without permission from the municipality: GWMC Commissioner
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن (جی ڈبلیو ایم سی) کے حدود میں بَلدیہ کی اجازت کے بغیر کمرشل فلیکس پرنٹ کرنے یا غیر مجاز طور پر لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جی ڈبلیو ایم سی کمشنر ٹی. وینکنا نے فلیکس تیار کرنے والوں کو خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔منگل کے روز بَلدیہ کے مرکزی دفتر میں واقع کمشنر چیمبر میں شہر کے فلیکس تیار کرنے والوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر نے شہر کی خوبصورتی متاثر نہ ہو، اس کے لیے فلیکس کی پرنٹنگ اور تنصیب کے سلسلے میں عمل کرنے والے قواعد و ضوابط کے بارے میں انہیں ضروری ہدایات دیں۔
کمشنر وینکنا نے کہا کہ کمرشل اداروں سے متعلق فلیکس کو سرکاری مقامات، سرکاری عمارتوں، جنکشنوں، میڈینوں، ڈیوائیڈروں کے درمیان موجود ٹیلی فون اور برقی کھمبوں کے علاوہ درختوں پر کسی بھی صورت میں لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ قواعد کے سرکلر کی نقول فلیکس تیار کرنے والوں کو فراہم کی جائیں گی اور انہیں ہدایت دی جائے گی کہ انہی قواعد کے مطابق فلیکس پرنٹ کریں۔انہوں نے کمرشل اداروں کے مالکان کو مشورہ دیا کہ اگر وہ فلیکس لگانا چاہتے ہیں تو بَلدیہ کی جانب سے مقرر کردہ مقامات پر پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی فلیکس نصب کریں۔
کمشنر نے بتایا کہ شہر کے تمام فلیکس تیار کرنے والوں کے لیے ایک خصوصی واٹس ایپ گروپ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے وقتاً فوقتاً قواعد اور احکامات سے انہیں واقف کرایا جائے گا۔کمشنر نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کمرشل اداروں اور فلیکس مالکان کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں میونسپل قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر کریمنل مقدمات درج کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر مجاز فلیکس کی روک تھام اور شہر کی خوبصورتی کے سلسلے میں جلد ہی سٹی پولیس کمشنر کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے پولیس محکمہ کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں بَلدیہ سے ہر ممکن تعاون کریں۔اجلاس میں ضلع فائر آفیسر شنکر لنگم، سٹی پلانر رویندر راڈیکر، ڈپٹی کمشنرس پرسنّا رانی اور سمّیا، اسٹیشن فائر آفیسر راجیشور راؤ، سینیٹری سپروائزر گولکونڈہ شری نو سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔
News Source ; M.F. Baig Riaz

