طلبہ کو سائبر جرائم سے بچانے میں اساتذہ کلیدی کردار ادا کریں: پولیس کمشنر این۔ شویتا

Teachers should play key role in protecting students from cybercrime: Police Commissioner N. Shweta

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

مستقبل میں طلبہ کو سائبر جرائم کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ ان میں سائبر جرائم سے متعلق بھرپور بیداری پیدا کریں۔ یہ بات ورنگل پولیس کمشنر این۔ شویتا،نے کہی۔ سرکشا کا ترنگا پروگرام کے تحت سنٹرل پولیس کی جانب سے بالاسمندر کے کالوجی کلا کشیتر میں سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لیے سائبر جرائم پر ایک خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں پولیس کمشنر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔پروگرام کے آغاز میں سائبر کرائم ونگ کے افسران نے بتایا کہ سائبر جرائم پیشہ افراد کس طرح لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں اور ان سے محفوظ رہنے کے لیے کن احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔

اس موقع پر پولیس جاگرتی ثقافتی ٹیم نے بھی ثقافتی پروگراموں کے ذریعے سائبر جرائم کے خطرات اور ان سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔پولیس کمشنر این۔ شویتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک بھر میں سائبر جرائم پیشہ افراد مختلف طریقوں سے عوام کی محنت کی کمائی لوٹ رہے ہیں۔ اگرچہ لوگوں میں اس حوالے سے کچھ بیداری موجود ہے، اس کے باوجود لالچ، خوف اور ہنگامی صورتحال کی وجہ سے بہت سے افراد دھوکہ دہی کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال نے ہماری زندگی پر گہرا اثر ڈالا ہے، اس لیے ہر صارف کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے آنے والے پیغامات، تصاویر یا لنکس پر ہرگز کلک نہ کرنے کی تلقین کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر موبائل صارف کو اپنی پرائیویسی سیٹنگس ضرور محفوظ بنانی چاہیے۔ ساتھ ہی بچوں کو پرائیویٹ زندگی اور پبلک زندگی کے فرق سے بھی واقف کرایا جائے، کیونکہ ذاتی تصاویر اور معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے کئی سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ آن لائن خریداری کرتے وقت بھی مکمل احتیاط اور آگاہی ضروری ہے۔

پروگرام کے اختتام پر پولیس افسران نے اساتذہ سے سائبر جرائم کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور خود بھی ہر وقت محتاط رہنے کا عہد لیا۔ اس موقع پر سائبر جرائم سے متعلق تیار کیے گئے آگاہی پوسٹروں کی بھی پولیس کمشنر نے رونمائی کی۔اس پروگرام میں سنٹرل زون ڈی سی پی دارا کویتا، محکمہ تعلیم کی سی ایم او سُما، ہنمکنڈہ، سائبر کرائم اور اسپیشل برانچ کے اے سی پیز نرسمہا راؤ، وینکٹ رمنا، جان نرسمہولو، انسپکٹرس رجنتھ، شیو کمار، روی کمار، اشوک، پروین کمار اور دیگر پولیس افسران و عملہ شریک تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz