حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ  قاضی پیٹ کے سالانہ عرس کی تیاریوں کے لیے تمام محکمے باہمی تال میل سے کام کریں: ایم ایل اے نائینی راجیندر ریڈی

All departments should work in coordination for the preparations for the annual Urs of Hazrat Syed Shah Afzal Biyabani Rh : MLA Naini Rajender Reddy

(اپنا ورنگل)

ہنمکنڈہ:

ورنگل مغربی رکنِ اسمبلی نائینی راجیندر ریڈی نے متعلقہ سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ 6 تا 12 اگست منعقد ہونے والے حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ درگاہ، قاضی پیٹ کے سالانہ عرس مبارک کے انتظامات انتہائی شاندار انداز میں انجام دیے جائیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ہنمکنڈہ ضلع کے انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں عرس کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلعی سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم ایل اے نائینی راجیندر ریڈی، درگاہ کے سجادہ نشین و ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ صاحب، ضلع کلکٹر چاہت باجپائی، گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وینکنا اور مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ صحت، بلدیہ، محکمہ بجلی، ٹریفک پولیس، ریونیو، اقلیتی بہبود، فائر سروس، آر ٹی سی، پولیس اور محکمہ آب رسانی سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے عرس کے انتظامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ ایم ایل اے نائینی راجیندر ریڈی نے کہا کہ ہر سال تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور پڑوسی ریاستوں سے ہزاروں زائرین درگاہ پر حاضری دیتے ہیں، اس لیے تمام محکمے پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

انہوں نے درگاہ کے ریلوے ٹریک کے قریب واقع ہونے کے پیشِ نظر زائرین کی حفاظت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا اور ریلوے حکام و اسٹیشن ماسٹروں کو ہدایت دی کہ عرس کے دوران ٹرینوں کی آمد و رفت کے وقت خصوصی احتیاط برتی جائے اور ضرورت پڑنے پر اضافی سکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے۔ ایم ایل اے نے آر ٹی سی حکام کو ہدایت دی کہ زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی بسیں چلائی جائیں، جبکہ ٹریفک پولیس پارکنگ، ٹریفک کی منتقلی اور خصوصی راستوں کے انتظامات پہلے ہی مکمل کرے۔ محکمہ بجلی کو بلا تعطل برقی سربراہی اور متبادل بجلی کے انتظامات یقینی بنانے، جبکہ محکمہ آب رسانی کو مناسب تعداد میں پینے کے پانی کے ٹینکر اور واٹر پوائنٹس قائم کرنے کی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے بلدیہ کو درگاہ کے اطراف صفائی، کچرے کی بروقت منتقلی، فوگنگ، بلیچنگ اور عارضی بیت الخلاء کی تنصیب کے احکامات دیے۔ محکمہ صحت کو خصوصی طبی کیمپ، ایمبولینس اور طبی عملہ تعینات کرنے کے ساتھ خواتین، بچوں اور بزرگوں کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عرس کے دوران متوقع غیر معمولی ہجوم کے پیشِ نظر درگاہ کے اطراف واقع سرکاری اسکولوں میں 10 اور 11 اگست کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی، عارضی کنٹرول روم کے قیام، مناسب پولیس بندوبست، فائر سروس کی تیاری اور تمام محکموں کے درمیان مؤثر رابطے کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے کہا کہ عرس کی کامیاب اور پُرامن انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے اور ہر محکمہ کو واضح ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین و ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کی سہولت اور کامیاب انعقاد کے لیے کیے جا رہے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ اجلاس میں سابق کارپوریٹر ابوبکر، ایڈیشنل کلکٹر روی اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz