GWMC Commissioner reviews development works in detail, stresses on completing arrangements for Kazipet Dargah Urs

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن (جی ڈبلیو ایم سی) کے کمشنر ٹی. وینکنا نے ہفتہ کے روز شہر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کا انجینئرنگ حکام کے ساتھ موقع پر جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام کام معیاری انداز میں اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔
کمشنر نے سب سے پہلے ہنمکنڈہ بس اسٹیشن کی تزئین و آرائش کے کاموں کا معائنہ کیا اور مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔بعد ازاں انہوں نے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم کے اطراف کا دورہ کیا اور جے بی ایس بس اسٹیشن کے قریب بڑھتے ہوئے ٹریفک کے پیش نظر اسٹیڈیم روڈ کی توسیع کے کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ٹریفک کے مستقل حل کے لیے سڑک کی توسیع کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔کمشنر نے ہنمکنڈہ کے اشوک تھیٹر کے سامنے مجوزہ ملٹی لیول پارکنگ کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اور ٹینڈر کا عمل جلد مکمل کرکے تعمیراتی کام فوری شروع کرنے کی ہدایت دی۔

آئندہ ماہ اگست میں منعقد ہونے والے قاضی پیٹ درگاہ کے سالانہ عرس کے پیش نظر کمشنر ٹی. وینکنا نے درگاہ کے سجادہ نشین حضرت افضل بیابانی خسرو پاشاہ کے ہمراہ درگاہ اور اطراف کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عرس کے دوران زائرین کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے پینے کے پانی، صفائی، برقی روشنی، سڑکوں کی مرمت اور دیگر بنیادی سہولتوں کے انتظامات پیشگی مکمل کیے جائیں۔درگاہ کے جانشین سید محمد بختیار بیابانی بھی موجود رہے۔
اس موقع پر سابقہ کارپوریٹرابو بکر،سپرنٹنڈنگ انجینئر راج کمار، ایگزیکٹو انجینئر روی کمار، ڈپٹی ایگزیکٹو انجینئر راج کمار، اسسٹنٹ انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

