A felicitation ceremony for Khusro Pasha Sahab at Riyaz Uloom and Riyaz Islamic School, a tribute to the exemplary services of the pilgrims, and their prominent role in the religious and educational fields.

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول، حیدرآباد میں حضرت مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صاحب قبلہ، سجادہ نشین درگاہ شریف حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ اور چیئرمین تلنگانہ حج کمیٹی، کے اعزاز میں ایک باوقار تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
تقریب میں مقررین نے حجاجِ کرام کے لیے مثالی انتظامات، دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خسرو پاشاہ صاحب اپنے اسلافِ کرام کے علمی و روحانی مشن کو اخلاص، دیانت اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ تقریب کی صدارت حضرت مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی، بانی مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، نے فرمائی، جبکہ نظامت و نگرانی کے فرائض مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی، ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، نے انجام دیے۔

اپنے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صاحب قبلہ نے طلبہ کو محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ علم حاصل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم سے بھی بھرپور استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق، بہترین کردار اور خدمتِ انسانیت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ انہوں نے مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کے ذمہ داران، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین، ضلع ورنگل کے کنوینر اور ApnaWarangal.com کے ایڈیٹر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض کی حضرت مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صاحب قبلہ کے دستِ مبارک سے گلپوشی کرتے ہوئے تہنیت کی گئی، جس پر شرکاء نے مسرت کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، حجاجِ کرام کی قبولیتِ حج اور مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم کی مزید ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس تقریب میں ناظم تعلیمات مولانا محمد مجیب الرحمن، حافظ محمد الیاس سبیلی، حافظ عبدالمتین باندوی، حافظ عبدالمنان، حافظ صابر ریاضی، حافظ انس ریاضی کے علاوہ اساتذہ، طلبہ اور معزز شخصیات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

