بونال تقریبات تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی علامت ہیں،ہندو اور مسلم برادریوں کا باہمی تعاون پورے ملک کے لیے اتحاد، ہم آہنگی اور سیکولر اقدار کا پیغام ہے: وزیر کونڈا سریکھا

Bonal celebrations are a symbol of Telangana’s Ganga-Jamuna civilization, mutual cooperation of Hindu and Muslim communities is a message of unity, harmony and secular values ​​for the entire country: Minister Konda Surekha

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

جنگم روایات، ثقافتی ورثے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی عظیم مثال سمجھی جانے والی بونال تقریبات تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی حقیقی عکاس ہیں۔ ہندو اور مسلم برادریوں کی جانب سے ایک دوسرے کے مذہبی تہواروں میں باہمی تعاون اور سیکولر جذبے کا مظاہرہ پورے ملک کے لیے ایک مثبت اور مثالی پیغام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر برائے جنگلات، ماحولیات، اوقاف و مذہبی امور شریمتی کونڈا سریکھا نے گولکنڈہ قلعہ میں واقع شری جگدمبیکا مہانکالی اماں واری مندر میں منعقدہ بونال تقریبات کے رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر نے کہا کہ 16 جولائی سے شروع ہونے والی بونال تقریبات میں پہلی بونم گولکنڈہ جگدمبیکا مہانکالی اماں واری کو پیش کی جائے گی، جو عقیدت مندوں کے لیے باعثِ مسرت ہے۔

اجلاس میں بونال تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ انتظامات مکمل کریں تاکہ لاکھوں زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس اجلاس میں کاروان کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین، محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ڈائریکٹر ہنمنت راؤ، محکمہ ثقافت کے ڈائریکٹر ای نرسمہا ریڈی، پولیس، ٹریفک، بجلی، محکمہ صحت، جی ایچ ایم سی، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔وزیر کونڈا سریکھا نے گولکنڈہ جگدمبیکا مہانکالی اماں واری کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 16 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہنے والی تقریبات میں لاکھوں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔

اس لیے تمام محکمے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ 16 جولائی کو منعقد ہونے والی بونم پیش کرنے کی تقریب، پالنا رتھ یاترا اور لنگر ہاؤس چوراہے سے شروع ہونے والی سیڑھی پوجا سمیت تمام مذہبی پروگراموں کے لیے ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔وزیر نے واضح کیا کہ 16، 19، 23، 26، 30 جولائی اور 2، 6، 9، 13 اگست کو منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران ٹریفک، پارکنگ، قطار بندی، بیریکیڈنگ، پینے کے پانی، بجلی، صفائی، طبی سہولیات، فائر سیفٹی، خصوصی بسوں اور دیگر بنیادی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مندر اور اطراف کے علاقوں میں صفائی کو اولین ترجیح دینے، موبائل بیت الخلاء، پینے کے پانی کے مراکز، طبی کیمپوں اور 108 ایمبولینس خدمات کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔وزیر نے کہا کہ عقیدت مندوں کو کسی بھی معمولی پریشانی سے بچانے کے لیے گولکنڈہ قلعہ کے حدود میں سڑکوں، سیڑھیوں، برقی روشنی، ہائی ماسٹ لائٹس، رہنما بورڈز، شیڈز اور دیگر بنیادی سہولیات کو پیشگی مکمل کیا جائے، جبکہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور خصوصی اقدامات کے ذریعے زائرین کے پرامن اور منظم درشن کو یقینی بنائے۔

انہوں نے پولیس محکمہ کو کنٹرول روم قائم کرنے اور تمام محکموں کو تقریبات کے اختتام تک باہمی رابطے کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔ عقیدت مندوں کی حفاظت اور سہولیات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتنے کی تاکید کرتے ہوئے مشتبہ افراد کی تصاویر پر مشتمل انتباہی پوسٹرز آویزاں کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔وزیر نے جی ایچ ایم سی کو تمام ترقیاتی اور صفائی کے کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے، محکمہ بجلی کو برقی وائرنگ میں مکمل احتیاط برتنے اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں، بزرگ خواتین اور حاملہ خواتین کی سہولت اور حفاظت پر خصوصی توجہ دینے کی بھی تاکید کی۔

وزیر کونڈا سریکھا نے کہا کہ دیوی کے نام پر وقف شدہ شیوا ستّو کی بونال پیشکش کے دوران تمام محکمے مکمل تعاون کریں تاکہ مذہبی رسومات خوش اسلوبی سے انجام پائیں۔انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی کہ وہ مشترکہ طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ عقیدت مند خوشی اور اطمینان کے ساتھ اماں واری کے درشن کریں، حکومت کے لیے دعائیں دیں اور مکمل اطمینان کے ساتھ واپس لوٹیں۔وزیر نے کہا کہ گولکنڈہ بونال تلنگانہ کی تہذیب، ثقافت اور روایات کی علامت ہے اور ریاستی حکومت عقیدت مندوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اس موقع پر وزیر کونڈا سریکھا نے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ آشابونال میلے کے پوسٹر اور بروچر کی رسمِ اجرا بھی انجام دی۔قبل ازیں، گولکنڈہ جگدمبیکا اماں واری مندر پہنچنے پر مندر کے پجاریوں نے پورنا کمبھم کے ساتھ وزیر کونڈا سریکھا کا استقبال کیا۔ وزیر نے خصوصی پوجا میں شرکت کی اور دعا کی کہ تلنگانہ میں وافر بارشیں ہوں، کھیتیاں لہلہائیں اور ریاست کے عوام امن، خوشحالی اور خوشیوں کے ساتھ زندگی گزاریں۔

News Source : M.F. Baig Riaz