ہنمکنڈہ میں سنسنی خیز واقعہ، ڈاکٹر کو دھمکیاں دے کر رقم طلب کرنے والے گرفتار۔

Sensational incident in Hanamkonda, those who threatened the doctor and demanded money were arrested

(اپنا ورنگل)

ہنمکنڈہ :

ہنمکنڈہ پولیس نے ایک معروف ڈاکٹر کو قتل کرنے کی دھمکی دے کر 15 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر کے پاس پہلے ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والا یمگونی سبھاش گوڑ نوکری ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر سے ناراض تھا۔

اس نے شریمورتی سرینواس اور بانوت رمیش کے ساتھ مل کر ڈاکٹر اور ان کے خاندان کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور رقم وصول کرنے کا منصوبہ بنایا۔ملزمان نے ڈاکٹر کو فون کرکے دھمکی دی کہ انہیں ڈاکٹر کے قتل کی سپاری ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جان بچانی ہے تو ایک کروڑ روپے ایڈوانس رقم دیں، ورنہ انہیں نقصان پہنچایا جائے گا۔

ڈاکٹر کی شکایت کے بعد ہنمکنڈہ پولیس نے فوری کارروائی شروع کی۔ پولیس نے کال ڈیٹا اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی اور انہیں ملگ کراس روڈ کے قریب گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسپتال کے قریب ڈاکٹر کی حرکت پر نظر رکھ رہےتھے۔

ہنمکنڈہ سرکل انسپکٹر مچھّا شیو کمار نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے اور مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

News Source : M.F. Baig Riaz