An important meeting of the state executive committee of the Telangana Journalists Association was held. Muhammad Siddique Ahmed was recognized for his journalistic services, and was honored and congratulated on being appointed as a member of the Media Accreditation Committee.

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
تلنگانہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (TJA) کی جانب سے ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک اہم اجلاس تلنگانہ سرسوتھا پریشت آڈیٹوریم، عابڈس، حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تنظیم کے ریاستی صدر شری اپالا لکشمن نے کی، جبکہ اس کا اہتمام ٹی جے گریٹر حیدرآباد کمیٹی نے کیا۔اجلاس میں تلنگانہ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ٹی جے کے عہدیداران، سینئر صحافیوں، میڈیا نمائندوں اور تنظیمی ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا کے موجودہ حالات، صحافتی آزادی، تنظیمی استحکام، دفتری نظم و نسق، رکنیت سازی اور آئندہ کے تنظیمی پروگراموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ وقار کے فروغ کے لیے تنظیم اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد صدیق احمد، صدر ٹی جے ضلع سنگاریڈی، چیف پیٹرن پٹریاٹک ویوز ڈیلی اور ڈائریکٹرزیڈ نیوز ٹی وی چینل نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافتی برادری کو متعدد مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے اتحاد، تنظیم اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن صحافیوں کے جائز حقوق کے حصول، ان کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں پر زور دیا کہ وہ صحافت کے اعلیٰ اخلاقی اصولوں، غیر جانبداری، سچائی اور عوامی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔محمد صدیق احمد نے مزید کہا کہ مضبوط اور منظم صحافتی تنظیم ہی صحافیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں حکومت اور متعلقہ اداروں تک پہنچا سکتی ہے۔
انہوں نے ریاست بھر کے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ تنظیم کو مزید مستحکم بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ صحافتی برادری کے مشترکہ مفادات کا بہتر تحفظ ممکن ہو سکے۔اجلاس کے دوران تلنگانہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد صدیق احمد کی صحافتی، سماجی اور تنظیمی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ضلع سنگاریڈی میڈیا اکریڈیشن کمیٹی کے رکن کے طور پر ان کی نامزدگی پر انہیں مبارکباد دی گئی اور شال اوڑھا کر اور یادگاری مومنٹو پیش کرکے اعزاز سے نوازا گیا۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داری بھی اسی دیانت، خلوص اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں گے اور صحافتی برادری کی مؤثر نمائندگی کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ریاست بھر سے آئے ہوئے عہدیداران اور صحافیوں نے تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
News Source : Agency

