The Ummul Momineen (RA) Hazrat Syeda Aisha Siddiqa (RA) Conference will be held in Hyderabad, with academic and research speeches

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
ناموسِ ام المؤمنینؓ حضرتہ سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے تحفظ ، فضائل ومناقب ، علمی خدمات اورمعاندین کےشکوک و شبہات کا تحقیقی جائزہ پر منعقدہ عظیم الشان اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ دی قرآن اکیڈمی ، مرکز انوار السنۃ ، ابو الفداء اسلامک ریسرچ سنٹر اور ثنائے اسلام ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام ’’ عظمتِ ام المؤمنین حضرتہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کانفرنس‘‘ 5 / جولائی بروز اتوار بعد نمازِ مغرب، کے۔ ایچ۔ فنکشن ہال، چندو لال بارہ دری ، حیدرآباد میں منعقد ہوگی ، جس میں شہر کی ممتاز دینی و علمی شخصیات حضرتہ ام المؤمنین سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی سیرتِ مبارکہ ، علمی حدیثی و فقہی خدمات اور آپؓ کی ذاتِ اقدس کے حوالے سے پھیلائے جانے والے اعتراضات و شبہات کا مدلل اور تحقیقی جائزہ پیش کریں گی ۔
اس بات کا اعلان ایک مشترکہ صحافتی بیان میں صدر دی قرآن اکیڈمی مولانا ڈاکٹر حافظ سید رضوان پاشاہ قادری لاابالی ، ڈائرکٹر مرکز انوار السنۃ مولانا ڈاکٹر حافظ سید احمد غوری نقشبندی ، ڈائرکٹر ابو الفداء اسلامک ریسرچ سنٹر مولانا ڈاکٹر حافظ سید خلیل اللہ بشیر اویس بخاری نقشبندی اور صدر ثنائے اسلام ایجوکیشن سوسائٹی مولانا حافظ سید کلیم اللہ محمد محمد الحسینی المعروف کاشف پاشاہ بندہ نوازی نے کیا ۔ بیان کے مطابق کانفرنس کی سرپرستی مولانا الحاج سید شاہ محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ قادری شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کی زیر صدارت ، مولانا ڈاکٹر مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی صدر مفتی و نائب شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ کی زیرنگرانی اور مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ شریف قاضی پیٹ و چیئرمین حج کمیٹی ریاست تلنگانہ کی زیرحمایت میں منعقد ہوگی۔علماء کرام ، مشائخ عظام اور سیاسی قائدین بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔
کانفرنس سے سرپرست ، صدر ، نگران داعیان کے علاوہ مولانا ڈاکٹر سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی قادری حیدر پاشاہ خلف وخلیفہ حضرت اعظم المشائخؒ ، مولانا ڈاکٹر حافظ احسن بن محمد الحمومی خطیب شاہی مسجد باغِ عام ، مولانا ڈاکٹر سید شاہ علی حسینی جانشین سجادہ نشین قادری چمن اور مولانا حافظ شیخ شاہد ندیم استاد جامعہ نظامیہ و ایڈوکیٹ تلنگانہ ہائی کورٹ کے حسب ذیل موضوعات "ناموسِ ام المؤمنین کا تحفظ؛ ہر مسلمان کی ایمانی ذمہ داری، چائلڈ میریج : بین المذاہب تقابلی مطالعہ ، حضرتنا سیدہ عائشہ صدیقہؓ علوم نبوت کی امین ، حضرتہ سیدہ عائشہ صدیقہؓ فضائل و مناقب، خصائص و امتیازات، حدیث و فقہ کے میدان میں آپ کی خدمات،آپ کی ازدواجی زندگی خواتین امت کے لئے مِشعلِ راہ، عظمت اُم المؤمنین بزبان صحابہ واہل بیت اطہارؓ ، تعددِ ازواج کی سیاسی، مذہبی اور سماجی حکمتیں،مستشرقین و معاندین کے شبہات کا علمی محاسبہ” پر معلومات آفریں وفکر انگیز خطابات ہوں گے۔
موجودہ دور میں حضرتہ ام المؤمنینؓ کی حیاتِ طیبہ ، علمی مقام اور اسلام کے لئے انجام دی گئی عظیم الشان وبے مثال خدمات کو نئی نسل تک مستند انداز میں پہنچانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت اس کانفرنس کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ علمی و فکری سطح پر پیدا ہونے والے شبہات کا مدلل جواب پیش کیا جا سکے اور امت میں محبتِ صحابہ و اہلِ بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین کے صحیح تصور کو فروغ ملے ۔منتظمین نے عامۃ المسلمین ، بالخصوص نوجوانوں ، طلبہ ، اساتذہ ، اہلِ علم اور خواتین سے اس اہم علمی کانفرنس میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی سہولت اور پردے کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے علیحدہ اور خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
News Source : Agency

