فتنوں کی بڑھتی ہوئی لہر، نوجوان نسل کے ایمان کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت،جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے ماہانہ اجلاس سے ذمہ داران کا خطاب

The rising tide of seditions, protecting the faith of the young generation is the need of the hour, addresses the responsible persons at the monthly meeting of Jamiat-e-Huffaz Karimnagar

(اپنا ورنگل)

کر یم نگر :

جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کا ماہانہ اجلاس 4 جون بروزجمعرات صبح ۸ بجے دفتر جمعیۃ الحفاظ روبرو ناکہ چوراستہ کریم نگر میں حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ابتداء میں خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ضیاءاللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ موجودہ دور فتنوں کی بھرمار کا دور ہے ایسے دور میں نبی کریم ﷺ نے دین پر ثابت قدم رہنے والوں کے لیے عظیم اجر کی بشارت دی ہے، اسی لیے اہلِ علم مسلسل اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ مسلمان خصوصاً نوجوان اپنے عقیدے، اخلاق اور کردار کی حفاظت کریں۔

حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ فتنوں کے دور میں ایمان کی حفاظت کا ایک اہم ذریعہ مکاتب کا قیام ہے تاکہ اس کے ذریعہ ہماری نسل دین کی بنیادی تعلیمات سے آراستہ ہوسکے۔اس لئے مکاتب کا قیام نہایت ضروری ہے۔یہ بنیادی کام ہیں جس سے ایمان کی حفاظت ہوگی اور ہماری نسلیں دین سے دور نہیں ہوگی اور ہم ان فتنوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔اس وقت ایمان کی حفاظت کی فکر کرنا سب سے بڑا اور اہم کام ہے ۔حافظ سید رضوان فلاحی صاحب سکریٹری جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ ہماری ریاست میں بہت جلد ایس آئی آر کا آغاز ہونے والا ہے ایسے میں سب لوگوں کا اس میں حصہ لینا اور درست ناموں کا اندراج کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مفتی محمد شاداب تقی قاسمی نے کہا کہ فتنوں کا تعاقب کرنے کے لئے فتنوں سے واقفیت ضروری ہے،خصوصا علامات قیامت کا علم اور حضرت عیسی اور حضرت مہدی کے سلسلے میں مکمل معلومات رکھنا بے حد ضروری ہے،تب ہی جاکر ہم فتنوں کی سرکوبی کرسکتے ہیں۔حافظ محمد معظم حسین فیضی صاحب خازن جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے معلمین سے خطاب کرتے ہوئے تجوید کے ساتھ تعلیم دینے پر زور دیا۔حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے فتنوں سے آگاہ رہنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ علماء امت اور ائمہ مساجد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان طبقہ سے اپنے تعلقات استوار کریں،انہیں مختلف حیلوں سے اپنے قریب کرتے رہیں ،تاکہ اسلام اور ایمان کی عظمت و رفعت ان کے ذہن و دماغ میں جاگزیں کی جاسکے۔

اس موقع پر بطور مہمان خصوصی محمد ماجد علی صاحب،شہاب الدین صاحب،عمر بن سعید صاحب شرکت کی۔اس اجلاس میں دیہات کے معلمین کو تنخواہ دی گئی۔حافظ فرید الدین امجد صاحب (نائب خازن جمعیۃ الحفاظ) کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

News Source : Syed Ghouse