بین ریاستی چوروں پر ورنگل پولیس کی کڑی نظر، ریلوے اسٹیشنوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات۔

Warangal police keeping a close eye on inter-state thieves, special teams deployed at railway stations

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

ورنگل پولیس کمشنریٹ کی حدود میں گزشتہ کچھ دنوں سے دیگر ریاستوں، خصوصاً شمالی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے مجرم گھروں میں چوریوں کے ساتھ چین اسنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک کی تمام ریاستوں کو جوڑنے والے مرکزی مقام کے طور پر ورنگل اور قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن بن چکے ہیں۔ مجرم ریل کے ذریعے یہاں پہنچ کر مختلف چوریوں کو انجام دیتے ہیں اور پھر اسی راستے سے واپس اپنے آبائی علاقوں کو فرار ہو جاتے ہیں۔

ایسے جرائم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے ورنگل پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے بین ریاستی چوروں کو روکنے کے لیے ایک خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس کے تحت ریاست میں کہیں نہ پائے جانے والے اقدام کے طور پر کرائمز ایڈیشنل ڈی سی پی بالاسوامی اور سی سی ایس اے سی پی سدیا کی نگرانی میں چار خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ورنگل اور قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشنوں پر دو دو ٹیمیں گورنمنٹ ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے تعاون سے فرائض انجام دیں گی۔

ملک کے مختلف راستوں، خصوصاً شمالی ہند سے ورنگل اور قاضی پیٹ پہنچنے والی ٹرینوں کے مسافروں میں یہ خصوصی ٹیمیں مشتبہ افراد کی نشاندہی کریں گی۔ ان مشتبہ مسافروں اور ان کے سامان کی مکمل تلاشی لی جائے گی۔ ان سے مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ٹیم کے ارکان فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کے لیے فیس ریکگنیشن ٹیکنالوجی سمیت پولیس کے پاس موجود جدید آلات کے ذریعے ملک بھر کے مجرموں کے ڈیٹا بیس سے ان کا موازنہ کریں گے۔

اگر تلاشی کے دوران کسی شخص کا ماضی میں کسی جرم میں ملوث ہونا ثابت ہو جائے تو چند لمحوں میں اس کی مکمل تفصیلات پولیس کے ٹیکنیکل ڈیوائس پر آ جائیں گی۔ اس کے فوراً بعد پولیس الرٹ ہو کر مذکورہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کرے گی۔ اسی دوران ٹیمیں مشتبہ افراد کی مکمل تفصیلات کو ریکارڈ کی شکل میں محفوظ بھی کریں گی۔

چار ارکان پر مشتمل ہر خصوصی ٹیم دونوں ریلوے اسٹیشنوں پر شفٹ وار ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے مسلسل مشتبہ افراد کی چیکنگ کر رہی ہے۔ اس طرح ورنگل کمشنریٹ پولیس بین ریاستی چوروں پر لگام کس رہی ہے۔

News Source : Mohd. Fazal ur Rahman