The love of the saints of Allah is the spirit of faith — Insightful speech by Hazrat Syed Muntajab Mohiuddin Hussaini Al-Saqaf at the grand spiritual and iftar gathering at the Saqaf Shrine, Bahadurpura-

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
قلب شہر حیدرآباد دکن فرخندہ بنیاد کے بہادرپورہ کے روضۂ سقاف میں منعقدہ ایک باوقار دینی و روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا الحاج سید شاہ منتجب محی الدین حسینی قادری السقاف سجادہ نشین روضۂ سقاف نے اولیاء اللہ کی فضیلت ، عظمت اور ان کی علمی و روحانی خدمات پر قرآن حکیم اور احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں بصیرت افروز مدلل علمی و روحانی خطاب فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کثرتِ نوافل ، ذکرِ الٰہی اور اطاعتِ ربانی کے ذریعے قربِ الٰہی حاصل کرتے ہیں ، یہاں تک کہ حدیث قدسی کے مطابق اللہ تعالیٰ ان کے ہاتھ ، پاؤں ، سماعت اور بصارت بن جاتا ہے یہی اوصاف اولیاء اللہ کی مخلوق خدا میں ممتاز بناتے ہیں ۔
انہوں نے حاضرین کو اولیاء کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے ایمان کو مضبوط بنانے کی مؤثر تلقین کرتے ہوئے کہاکہ بزرگان دین کوئ بھی فعل و عمل بغیر خداوند قدوس کے ہرگز ہرگز نہیں کئے ان سے حقیقی وابستگی ہی رب ذوالمنن تک پہنچنے کا اہم ذریعہ ہے ۔ اس مقدس جلسہ کی نگرانی حضرت مولانا سید شاہ محتسب محی الدین حسینی قادری السقاف المعروف یحییٰ پاشاہ برادرِ سجادہ نشین روضۂ سقاف نے انجام دی – جبکہ مہمانان خصوصی شرکت حضرت مولانا مفتی سید شاہ چندا حسینی زبیر بابا برادر سجادہ نشین بارگاہ جلالیہ گوگی شریف و مولوی کامل الفقہ جامعہ نظامیہ اور بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر نے کی۔
تمام معززین نے اولیاء اللہ کی تعلیمات کو معاشرہ میں عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر سینکڑوں روزہ داروں نے شرکت کی۔ شرکاء کے لیے افطار کا بہترین انتظام کیا گیا، جس میں خصوصی طور پر پوٹلہ کے گوشت کی بریانی پیش کی گئی۔ افطار کے فوراً بعد نمازِ مغرب باجماعت ادا کی گئی جس کی امامت خود حضرت علامہ الحاج سید شاہ منتجب محی الدین حسینی قادری السقاف سجادہ نشین نے فرمائی۔ عالمِ اسلام کے مسلمانوں کی سربلندی ، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبودی کے لئے رقت آمیز دعا کی گئی۔تقریب کے اختتام پر حاضرین نے اس روحانی اجتماع کو ایمان افروز اور یادگار قرار دیتے ہوئے منتظمین کو مبارکباد پیش کی –
News Source : Agency

