State Minority Welfare Minister launches TGMREIS Admission Website 2026-27
(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
ریاستِ تلنگانہ کے وزیرِ اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے تعلیمی سال 2026–27 کے لیے تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی کی داخلہ جاتی سرکاری ویب سائٹ کا اپنے چیمبر میں باضابطہ افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے وائس چیئرمین و صدر محمد فہیم الدین قریشی اور محکمہ اقلیتی بہبود و ٹی جی ایم آر ای آئی ایس کے سیکریٹری بی۔ شفیع اللہ (آئی ایف ایس) بھی موجود تھے۔جاری کی گئی ویب سائٹ کے ذریعے تعلیمی سال 2026–27 کے لیے کلاس پنجم اور انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر (جنرل و ووکیشنل) میں آن لائن داخلہ درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
یہ داخلے اقلیتی اور غیر اقلیتی تمام زمروں کے طلبہ کے لیے کھلے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کلاس ششم، ہفتم اور ہشتم میں موجود بیک لاگ نشستوں کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں، جو صرف اقلیتی طلبہ کے لیے مخصوص ہوں گی۔والدین اور طلبہ کی سہولت کے لیے ہر تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ میں داخلہ معاونتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ خواہشمند افراد براہِ راست سوسائٹی کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے درخواست داخل کر سکتے ہیں یا رہنمائی اور مدد کے لیے متعلقہ اداروں اور ہیڈ آفس کے معاونتی مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔
فی الحال سوسائٹی ریاستِ تلنگانہ میں 205 اقامتی تعلیمی ادارے چلا رہی ہے، جن میں 107 لڑکوں اور 98 لڑکیوں کے ادارے شامل ہیں۔ سرکاری پالیسی کے مطابق 75 فیصد نشستیں اقلیتی طلبہ کے لیے جبکہ 25 فیصد نشستیں غیر اقلیتی طلبہ کے لیے مختص کی گئی ہیں۔طلبہ کے بہتر مستقبل اور روزگار کے مواقع کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے 13 جونیئر کالجوں میں پیشہ ورانہ کورسز متعارف کرائے گئے ہیں۔ اسی طرح قومی سطح کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے ریاست کے تمام سابقہ اضلاع کو محیط کرتے ہوئے 18 مراکزِ امتیاز قائم کیے گئے ہیں، جہاں داخلے اہلیتی امتحان کے ذریعے انجام پائیں گے۔
اس موقع پر وزیرِ اقلیتی بہبود، وائس چیئرمین و صدر اور سیکریٹری نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور سوسائٹی کے زیرِ انتظام اداروں میں سو فیصد داخلوں کو یقینی بنائیں۔ ان اداروں میں اعلیٰ معیار کی انگریزی میڈیم تعلیم، ماہر اساتذہ، مفت اقامتی سہولیات کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم، کھیل کود، این سی سی، فنونِ لطیفہ و دستکاری اور دیگر ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔طلبہ کی حفاظت، سلامتی اور صحت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

