A commendable achievement of Hanamkoda students, 61 days of Fajr prayer without a hitch
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
مسجد خورد میں نوجوانان چھوٹی مسجدصوبیداری ہنمکنڈہ کے زیر اہتمام "پابندی نمازِ فجر” کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی مولانا مفتی عمر عابدین قاسمی نے نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کے بعد سب سے پہلا اور اہم فریضہ نماز ہے، جو دین کا ستون ہے۔ اللہ تعالیٰ نے دن میں پانچ وقت کی نماز فرض کی ہے، جس کی قرآن و حدیث میں بارہا تاکید کی گئی ہے۔

انہوں نے مسجد خورد کے زیر اہتمام 61 دن تک مسلسل نمازِ فجر ادا کرنے والے طلباء کی خاص طور پر تعریف کی اور انہیں مبارکباد دی۔ ان کے مطابق ایسے بچے خوش قسمت ہیں جو نماز کی پابندی کو اپنی عادت بناتے ہیں۔ انہوں نے والدین اور منتظمین کے اس اقدام کو سراہا، جس کے تحت مسلسل نماز پڑھنے والے طلباء کو ‘ہیرو’ کمپنی کی سائیکل بطور انعام دیا گیا۔
مولانا فصیح الدین قاسمی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ نماز روح کی غذا اور دل کی تسکین کا ذریعہ ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا۔

تقریب میں دیگر معزز شخصیات بشمول شاہد مسعود (ریجنل ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن)، مفتی محمد زکریا قاسمی، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی،محمد سراج احمد (صدر مسلم ویلفیئر سوسائٹی)،مولانا منور حسین ، ڈاکٹر عرفان مجاہد، نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے موجودہ دور میں اخلاقی تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نماز نہ صرف فرض ہے بلکہ برائیوں سے بچاؤ کا بھی مؤثر ذریعہ ہے۔
تقریب کا آغاز قاری محمد عادل کی تلاوت اور عبدالصمد کی نعت سے ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا حافظ محمد ابو سعود نے انجام دیے۔جبکہ پروگرام کی نگرانی مقصود احمد خان صدر مسجد خورد اور سکریٹری حسن الدین نے کی ۔عبدالجلیل خان پروگرام کے کنوینر تھے اس موقع پر طلباء، نوجوانوں اور مقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اختتام پر مولانا فصیح الدین قاسمی نے دعا کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz

