A grand congratulatory ceremony was organized by the Quraish community in Nizamabad in honor of successful ward members
(اپنا ورنگل)
نظام آباد :
آل انڈیا جمعیت القریش تلنگانہ ریاستی صدر معیز بابو چودھری کی خصوصی ہدایت پر حالیہ پنچایت انتخابات میں کامیاب ہونے والے وارڈ ممبران کے اعزاز میں محلہ پھولانگ کے کمیٹی ہال میں ایک شاندار تہنیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر آل انڈیا جمعیت القریش کے جنرل سیکریٹری فہیم قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ جامعۃ القریش کے نوجوان نہ صرف تعلیم کے میدان میں بلکہ سماجی خدمات میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی اور فخر کی بات ہے کہ آل انڈیا جمعیت القریش اب انتخابی سیاست میں بھی حصہ لیتے ہوئے کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تلنگانہ میں ہر انتخاب میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے برادری کے مسائل کے حل اور روشن مستقبل کے لیے منظم جدوجہد جاری رکھی جائے۔گرام پنچایت الیکشن میں وارڈ ممبر منتخب ہونے پر آل انڈیا جمعیت القریش کی جانب سے خواجہ پٹیل قریشی، ارشد قریشی، ازر قریشی اور غفار قریشی کو شال پوشی اور گل پوشی کے ذریعے تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر قریش برادری کے سابق صدر رحمان قریشی بھی موجود تھے۔جبکہ الیکشن میں کامیابی حاصل نہ کر پانے والے نظر قریشی کو بھی حوصلہ افزائی کے طور پر مبارکباد دی گئی اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

اسی طرح اردو پریس کلب نظام آباد کے خالد خان صاحب کی بھی صحافت میں اچھی خدمات انجام دینے پر سیال پوشی اور گل پوشی کی گئی۔پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے آل انڈیا جمعیت القریش نظام آباد کے معاون صدر جاوید قریشی، قریش برادری کے سابق صدر رحمان قریشی، کانگریس لیڈر ایوب احمد قریشی (نظام آباد)، جنید علی ایڈوکیٹ، اردو پریس کلب کے صدر خالد خان، جانی قریشی، سماجی کارکن ندیم احمد قریشی اور محلہ پھولانگ کے قریش برادری کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب خوشگوار اور پُرجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں برادری کے اتحاد، تعلیمی ترقی اور سیاسی شعور پر خصوصی زور دیا گیا۔
News Source : Nadeem Ahmed

