Development works of Rs 1.65 crore in Wadepalli were Inaugurated by M.L.A. Naini Rajendra Reddy
(اپنا ورنگل)
ہنمکنڈہ :
ورنگل میونسپل کارپوریشن کی 60ویں ڈویژن وڈے پلی کے مدیراج کالونی، مسلم کالونی اور ایس بی ایچ بینک کالونی میں تقریباً 1.65 کروڑ روپئے کی لاگت سے سی سی سڑکوں اور سی سی ڈرین کی تعمیراتی کاموں کا سنگِ بنیادرکھا گیا، جب کہ بعض مکمل شدہ سی سی سڑکوں کا باقاعدہ افتتاح بھی عمل میں آیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ وڈے پلی کے ہر کالونی میں ترقیاتی کام تیزی کے ساتھ جاری ہیں اور اس علاقے کو ہر شعبے میں ترقی یافتہ بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت سڑکوں اور نالیوں سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی نے متعلقہ کالونیوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام، محلہ بزرگوں اور رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

انہوں نے عوام کے درمیان ملاقات کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو وقت مقررہ میں اعلیٰ معیار کے ساتھ کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر ورنگل مغربی حلقہ کے لیے درکار فنڈز فوری طور پر جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ کہیں بھی ترقیاتی کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر ترقی ہی حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے اور ہر طبقہ و ہر علاقے تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف کالونیوں میں تقریباً 70 تا 80 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید سڑکیں، نالیاں اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ کچھ مقامات پر عوامی تعاون اور معمولی صبر کی ضرورت ہے، جلد ہی تمام بستیوں میں ترقی کا واضح فرق محسوس ہو گا۔ نائنی راجندر ریڈی نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دس برس تک اقتدار میں رہنے کے باوجود وڈے پلی میں ادنیٰ سطح کے بھی ترقیاتی کام انجام نہیں دیے گئے، جو ان کی ناکامی اور عدم دلچسپی کا ثبوت ہے، جب کہ موجودہ کانگریس حکومت کے قیام کے فوراً بعد ہی ہر کالونی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس پروگرام میں کارپوریٹر داسیم ابھینَو بھاسکر، سابق کارپوریٹر ناگراجو، ڈویژن صدر پُنّم، مقامی قائدین سمّیا، سُدھاکر، رویندر، میری، وجے، نوین کے علاوہ سرکاری عہدیداران، کالونی کے معززین اور مقامی عوام بڑی تعداد میں شریک تھے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

