KTR received a grand welcome in Warangal, former Warangal East MLA Narendra presented the Constitution book
ورنگل :
بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) کا ورنگل کے دورے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ورنگل مشرقی اسمبلی حلقہ کے کارکنوں کے ساتھ مل کر سابق رکن اسمبلی ننپنینی نریندر نے عرس گٹہ جنکشن پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

کے ٹی آر نے اپنے دورے کے دوران ورنگل ٹیکسٹائل پارک کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس پارک میں تیس ہزار سے زائد براہِ راست ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، جبکہ سنگاپور کی ینگ ون کارپوریشن، کٹیکس گروپ اور گنیشا ایکو اسفیئر جیسی بڑی کمپنیوں نے یہاں خطیر سرمایہ کاری کی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت پارک کی موجودہ سہولتوں کو مؤثر انداز میں استعمال کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے ترقیاتی عمل کی رفتار متاثر ہو رہی ہے۔ کے ٹی آر کا کہنا تھا کہ نئے صنعتی مراکز کے وعدوں کے باوجود موجودہ انفراسٹرکچر پوری صلاحیت سے بروئے کار نہیں آ رہا، جس سے عوامی مفاد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

دورے کے دوران کے ٹی آر نے مقامی کسانوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر پرکال کے سابق ایم ایل اے چلا دھرما ریڈی اور ننپنینی نریندر بھی ان کے ہمراہ تھے۔بھارتی آئین کے یومِ تشکیل (نیشنل لا ڈے) کے موقع پر ننپنینی نریندر نے کے ٹی آر کو بھارتی دستور کی کتاب پیش کی۔ اس موقع پر نریندر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 26 نومبر کو ملک بھر میں یومِ قانون کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا، جبکہ 26 نومبر وہ دن ہے جب اس کی تدوین مکمل ہوئی تھی۔نریندر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جمہوری نظام اور عدلیہ کے قیام میں خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدلیہ عوام کو انصاف، مساوات اور آزادی کے حقوق دلانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور آئینی اقدار کی حفاظت ہر شہری کا فرض ہے۔

اس موقع پر بی آر ایس کے سابق و موجودہ ارکانِ اسمبلی و کونسل، سابق چیرمین، کارپوریٹرز، ضلعی صدور اور پارٹی کے سینکڑوں تعداد میں کارکنان بھی موجود تھے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

