ورنگل میں برقی بسوں کے لیے ڈپو اور چارجنگ اسٹیشن کے قیام پر غور ،شہر کو 100 برقی بسوں کی منظوری۔

GWMC Mayor Gundu Suddha Rani said that steps are underway to allocate space for electric buses in Warangal city

(اپنا ورنگل)

گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کی میئر گنڈو سدھارانی نے کہا کہ ورنگل شہر میں الیکٹریکل بسوں کے لیے جگہ مختص کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے دفتر عظیم تر بلدیہ ورنگل میں آر ٹی سی اور انجینئرنگ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں میونسپل کمشنر چاہت باجپائی کے ساتھ مل کر مؤثر انتظامات کے لیے تجاویز پیش کیں۔میئر نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی وزارت شہری ترقی نے پی ایم ای بس سرویس کے تحت ورنگل کے لیے 100 الیکٹریکل بسوں کی منظوری دی ہے۔

ان بسوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک ڈپو کی ضرورت ہے، جس کے لیے پارکنگ اور چارجنگ اسٹیشن کے قیام کی غرض سے تقریباً 10 ایکڑ اراضی اور 10 کروڑ روپے درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں آر ٹی سی نے اس مقصد کے لیے بلدیہ کو مکتوب روانہ کیا تھا، جس کے تحت اس اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا تاکہ موزوں تجاویز پر غور کیا جاسکے۔ میئر گنڈو سدھارانی نے مزید کہا کہ شہر میں فیلڈ سطح پر جائزہ لے کر اس کے لیے مناسب جگہ کی نشاندہی کی جائے گی۔

اس اجلاس میں ایس ای ستیا نارائنا، انچارج سٹی پلانر رویندر راڈیکر، آر ٹی سی آر ایم وجئے بھانو، ڈپو مینیجر دھرم سنگھ، ای ای مادھوی لتا، اے ای سریتا، ڈپٹی آر ایم بھانو کرن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz