اردو صرف زبان نہیں، تہذیب کی علامت ہے،اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ریاستی سطح پرکامیاب کانفرنس — تعلیمی منصوبہ بندی پر مفصل مباحثے۔

A successful state level Urdu conference organized by the Urdu Teachers Association, detailed discussions on educational planning

(اپنا ورنگل)

اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام کرسٹل گارڈن فنکشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں ایک روزہ ریاستی سطح کی اُردو ٹیچرس کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ کانفرنس کی صدارت خواجہ قطب الدین، ریاستی صدر یو ٹی اے نے کی جبکہ نگرانی کے فرائض محمد شکیل احمد، اسٹیٹ جنرل سکریٹری یو ٹی اے نے انجام دیئے۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پنگلی سری پال ریڈی ایم ایل سی نے شرکت کی۔ اعزازی مہمانوں میں سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ، سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ و ریاستی صدر حج کمیٹی، اور طارق انصاری، چیرمین میناریٹی کمیشن حکومتِ تلنگانہ شامل تھے۔

کانفرنس میں تلنگانہ میں اردو میڈیم ذریعہ تعلیم کے چیلنجس، اردو کے فروغ و ترقی کی حکمت عملیاں، اردو میڈیم اسکولوں کو مستحکم کرنے کی تعلیمی منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ موضوعات پر مفصل تقاریر پیش کی گئیں۔خصوصی مدعوئین میں ڈاکٹر انیس احمد صدیق صدر شانتی سنگم، ڈاکٹر بہادر علی موظف پرنسپل اسلامیہ کالج، میر کوکب علی پرنسپل اسلامیہ کالج، مسعود مرزا محشر، عبدالقدیر موظف پرنسپل اور دیگر معزز اساتذہ نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز قرأتِ کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں حمد و نعت پیش کی گئی۔ نظامت کے فرائض محمد خواجہ مہیمن الدین ضلع جنرل سکریٹری ورنگل اور سید خواجہ فرید الدین اڈیشنل جنرل سکریٹری ورنگل نے انجام دیئے۔ محمد طاہر اسٹیٹ میڈیا سکریٹری نگران کارِ کانفرنس جبکہ خواجہ ظہیر الدین کنوینر تھے۔پنگلی سری پال ریڈی نے اپنے خطاب میں ریاستی سطح پر اردو ٹیچرس کانفرنس کے انعقاد کو قابلِ ستائش قرار دیا اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ اردو ہندوستان کی شیریں زبان ہے، مگر مادری زبانوں اردو و تلگو کو نظر انداز کرنے کا رجحان افسوسناک ہے۔ انہوں نے مادری زبان میں تعلیم کے فروغ پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اردو اساتذہ کے تمام جائز مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے گی۔خسرو پاشاہ اور طارق انصاری نے اپنے خطابات میں کہا کہ اردو صرف زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیب و ثقافت کی شناخت ہے۔ انہوں نے اردو ٹیچرس کے مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اس بڑے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔خواجہ قطب الدین نے کہا کہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے قیام کا مقصد اردو میڈیم اساتذہ کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اسکول سے باہر طلبا کو دوبارہ تعلیمی نظام سے جوڑنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسوسی ایشن گزشتہ دو دہوں سے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیتی آ رہی ہے۔اختتامی اجلاس میں مختلف اضلاع سے آنے والے یو ٹی اے کے صدور و جنرل سکریٹریز نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر تمام مہمانوں، اعزازی شرکاء، سینئر اساتذہ، موظف پرنسپلز اور صحافیوں کو تہنیت پیش کی گئی۔پروگرام میں محمد اشرف، خواجہ ناظم الدین، اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع جیسے عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، ورنگل، کھمم، رنگا ریڈی، میدک کے اساتذہ، معلمین و معلمات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اجلاس کے اختتام پر صدر ریاستی اسوسی ایشن نے تمام مہمانوں اور شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz