
ورنگل- 6/ ستمبر
( اپنا ورنگل )
ہنمکنڈہ بالاسمندر علاقے میں واقع مالکامبا منو وکاس سنٹر میں یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رکن پارلیمان ورنگل ڈاکٹر کڈیم کاویا نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ملک کے سابق صدر فلسفی اور عظیم مفکر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کے پورٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوے کیا گیا۔ ذہنی معذور ننھے بچے اس موقع پر اساتذہ کے روپ میں نظر آئے اور اپنی معصوم اداؤں سے محفل کو پر مسرت بنایا۔ ڈاکٹر کڈیم کاویا نے بچوں سے نہایت شفقت کے ساتھ بات چیت کی اور ان کی تعلیم اور صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ ان کے دوستانہ برتاؤ نے بچوں کے چہروں پر مزید خوشی بکھیر دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر کڈیم کاویا نے کہا کہ معاشرے میں اساتذہ کا کردار بیحد عظیم اور منفرد ہے۔ استاد کو جو عزت اور مقام نصیب ہوتا ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔ استاد ہی کی بدولت آج کے طلباء کل کے ذمہ دار شہری اور باصلاحیت شخصیتیں بنتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذہنی معذور بچوں کی حفاظت کے لیے مرکزی حکومت کو آئرس کیمرہ ٹیکنالوجی کو ناگزیر طور پر نافذ کرنا چاہیے تاکہ ان کی شناخت اور سکیورٹی بہتر انداز میں ممکن ہو۔ رکن پارلیمان نے یقین دلایا کہ وہ ایک بار پھر اس مسئلے کو مرکزی حکومت کے سامنے رکھیں گی اور اس پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ انہیں ہمیشہ دلی خوشی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب وہ تہوار یا خوشی کے دن ذہنی طور پر معذور بچوں کے ہمراہ مناتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ذہنی طور پر معذور بچوں کی خدمت میں مصروف اساتذہ و عملے کو عزت افزائی کے طور پر شال و توصیفی تحائف پیش کیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مالکامبا منو وکاس سنٹر کی ترقی کے لیے ان کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس تقریب میں پروفیسر پدما، بانی راما لیلا، ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین سدانندم، کلیان، معروف انفلوئنسر لوکیش، اساتذہ اور اسٹاف موجود تھے۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman Wajid
