ورنگل میں طوفان ’مونتھا‘ کی تباہ کاریاں، موسلا دھار بارش کے سبب ورنگل،ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ کے کئی علاقہ سیلاب سے متاثر۔


ورنگل :

(اپنا ورنگل)

طوفان ’مونتھا‘ کے اثر سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے متحدہ ورنگل کے مختلف اضلاع میں تباہی مچادی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث کئی علاقے اور کالونیاں جھیلوں کا منظر پیش کررہی ہیں۔ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ کے متعدد علاقوں میں پانی گھر وں میں داخل ہوگیا ہے۔

ملگ روڈ کے قریب ندی میں طغیانی آنے سے سنتوش ماتا کالونی، این این نگر، ڈی کے نگر، ماسیا نگر اور سائی گنیش کالونی میں پانی گھروں تک پہنچ گیا، جس سے مقامی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا۔ سیلابی صورتحال کے باعث بھدرکالی مندر جانے والا راستہ بند کردیا گیا جبکہ مندر سے پالی ٹکنک کالج تک سڑک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی ہے۔اسی طرح النکار، رائے پورہ، کاکتیہ کالونی علاقوں میں تالاب کا پانی بہہ رہا ہے۔

ہنمکنڈہ کے وڈلے جھیل سے امڈ کر آنے والا پانی جواہر کالونی اور گوپال پور سمیت کئی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جو مکمل طور پر زیرِ آب آچکے ہیں۔ قاضی پیٹ، تاسومڈی اور گوپال پور جھیلیں لبریز ہونے کے بعد بنڈ ٹوٹ جانے سے سڑکوں پر تیز بہاؤ شروع ہوگیا ہے۔ورنگل کے شمعون پیٹ روڈ، لیبر کالونی، غریب نگر، ایل بی نگر، شانتی نگر، کاشی بوگا، نائیڈ پٹرول پمپ، دیشائی پیٹ ڈاؤن اور دیگر نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔

ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیا شاردا، ہنمکنڈہ کلکٹر سنیہا شبریش اور میونسپل کمشنر چاہت باجپائی کی ہدایت پر بلدی عملہ پانی کی نکاسی کے کاموں میں مصروف ہے۔پولیس کمشنر ورنگل سن پریت سنگھ نے اپنے عہدیداروں کے ساتھ متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر جنگلات، ماحولیات و انڈومنٹس محترمہ کونڈا سریکا، رکن اسمبلی ورنگل ویسٹ نائنی راجندر ریڈی، رکن پارلیمان ورنگل کڈیم کاویا اور میئر گنڈو سدھار انی نے بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔

انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں ڈرون کے ذریعہ متاثرہ شہریوں کو غذا اور پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہر حال میں چوکس رہیں۔

News Source : M.F. Baig Riaz