ورنگل میں موٹر سائیکل چوری کرنے والے دو ملزمین گرفتار،25 لاکھ مالیت کی 28 گاڑیاں ضبط۔

Two accused arrested for stealing motorcycles in Warangal, 28 vehicles worth Rs 25 Lakhs seized

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ورنگل پولیس کمشنریٹ کی حدود میں مسلسل پیش آنے والی دو پہیہ گاڑیوں کی چوری کے واقعات پر قابو پانے کے لیے سنٹرل زون ڈی سی پی کویتا کی نگرانی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے مختلف مقامات سے چوری کی گئی 28 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق حالیہ دنوں میں موٹر سائیکل چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ان وارداتوں کے باعث چین اسنیچنگ جیسے جرائم میں بھی اضافہ ہونے کے خدشے کے پیش نظر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تفتیش کے دوران آج صبح دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی، جس میں اہم انکشافات سامنے آئے۔گرفتار شدگان کی شناخت دونتلا پرشانت کمار (20) ساکن پی کے راجیا کالونی، اندرامّا کالونی، این ٹی پی سی، منچریال اور درگم سائی کارتھک (21) ساکن ویلالا گاؤں، جئے پور منڈل، ضلع منچریال کے طور پر ہوئی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں دونوں نے اعتراف کیا کہ آسانی سے پیسہ کمانے کی غرض سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے۔پولیس نے گاڑیوں کی جانچ کے دوران ملزمین کے زیر استعمال مشتبہ پلسر موٹر سائیکل نمبر AP 36 AY 4700 کو ضبط کیا۔ مزید پوچھ گچھ پر ملزمین کی نشاندہی کے مطابق کے یو سی پولیس اسٹیشن حدود کے منی پلی گاؤں کے مضافات اور ایلںکا ترتی کے قریب سے مختلف مقامات پر چھپائی گئی 28 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔

برآمد شدہ گاڑیوں میں ہونڈا شائن، ہیرو اسپلینڈر پلس، ہیرو گلیمر، ایچ ایف ڈیلکس، بجاج پلسر اور ہونڈا ہارنیٹ سمیت دیگر ماڈلز شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ان میں ورنگل کمشنریٹ سے 8، کریم نگر کمشنریٹ سے 9، راما گنڈم کمشنریٹ (پیداپلی) سے 3، سدی پیٹ کمشنریٹ سے 2، حیدرآباد کمشنریٹ سے 3، راچاکونڈہ کمشنریٹ سے ایک اور بھوپال پلی ضلع سے 2 موٹر سائیکلیں چوری کی گئی تھیں۔ متعلقہ مقدمات کو متعلقہ پولیس اسٹیشنوں سے مربوط کرتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ولیس کے مطابق دونوں ملزمین کے خلاف پہلے بھی مختلف پولیس اسٹیشنوں میں جائیداد سے متعلق جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ برآمد شدہ گاڑیوں کے اصل مالکان کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے انہیں واپس حوالے کیا جائے گا۔ورنگل پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر پارک کریں، ویل یا اسٹیئرنگ لاک جیسے حفاظتی اقدامات اختیار کریں، اور کسی بھی مشتبہ شخص یا گاڑی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر دیں۔

اس کامیاب کارروائی میں نمایاں خدمات انجام دینے پر سی سی ایس انسپکٹرس اے۔ راغویندر، ای۔ ہری کرشنا، کے۔ رام کرشنا، کے یو سی انسپکٹر روی کمار، سی سی ایس ایس آئی سرینواس راجو، ہیڈ کانسٹبل نسیم احمد، روی پرساد، جمپیا، کانسٹبل وشویشور، ومشی، ونود، آئی ٹی کور ٹیم کے اے او محمد سلمان پاشا، کانسٹبل ناگیش اور کے یو سی کرائم عملہ کو پولیس کمشنر نے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ہنمکنڈہ اور سی سی ایس اے سی پیز نرسمہا راؤ اور سدیا بھی موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz