ورنگل میں آج سے سیلانی شاہ میاں کا 119واں عرس تقاریب کا آغاز۔

The 119th Urs celebrations of Sailani Shah Miya begin today in Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

حضرت حاجی محمد عبد الرحمن شہنشاہِ ولایت سیلانی شاہ میاں مجرد قادری چشتی نقشبندی سہروردی مجددی دہلویؒ کا 119واں سالانہ عرس شریف و جلسہ جشن عظمتِ مصطفی ﷺ و فیضانِ اولیاء کرام آج 10 مئی سے 12 مئی تک خانقاہ سیلانیہ، سیلانی نگر اگلاپور ورنگل میں بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے۔

تخت نشین خانقاہ سیلانیہ حضرت حاجی محمد عبد الحمید شاہ میاں نقشبندی چشتی القادری المعروف سیلانی بابا نے بتایا کہ عرس کی سرپرستی درگاہ حضرت معشوق ربانیؒ عرس جاگیر ورنگل کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ حیدر ہلال الدین قادری المعروف نوید بابا صاحب فرمائیں گے۔سہ روزہ تقریبات کی تفصیل: 10 مئی بروز اتوار خانقاہ سیلانیہ اگلاپور ورنگل میں صندل شریف کی پُرنور رسم ادا کی جائے گی۔

11 مئی بروز پیر عرس شریف کی مرکزی تقریب ہوگی جس میں خصوصی دعائیں اور محفلِ سماع کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس موقع پر مہمانانِ گرامی حضرت سید شاہ علی قادری الجیلانی معشوقی المعروف عبید بابا صاحب جانشین و سجادہ نشین بارگاہ حضرت معشوق ربانیؒ، حضرت خواجہ سید ابو تراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی جانشین آستانہ قدیری ہلکٹہ شریف، اور ڈاکٹر خلیفہ مستان صاحب قادری وشطاری سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ الحمید قادری والی ناگور شریف خصوصی طور پر تشریف لائیں گے۔

تمام انتظامات کی نگرانی حضرت حاجی محمد عبد الرشید صاحب برادرِ تخت نشین خانقاہ سیلانیہ فرمائیں گے۔محفل میں تاج المشائخ شہزادۂ غوثِ اعظم حضرت العلامہ مولانا مفتی ڈاکٹر سید شاہ ہاشم عارف پاشاہ قادری حیدری کرنول شریف خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ تلگو میں حضرت مولانا ڈاکٹر سید مخدوم محی الدین قادری صاحب اظہارِ خیال کریں گے۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خواں معین قادری یومِ صندل کے موقع پر ہدیۂ نعت پیش کریں گے۔ خانقاہ سیلانیہ کی جانب سے تمام عقیدت مندوں، اہلِ محبت اور عاشقانِ رسول ﷺ سے عرس کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی پرخلوص گزارش کی گئی ہے۔

NEws Source : M.F. Baig Riaz