جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کا اہم مشاورتی اجلاس ، تنظیمی استحکام اور مثالی مسجد پروگرام کے فروغ پر زور

Important consultative meeting of Jamiat Ulema District Medchal Malkajgari, emphasis on organizational stability and promotion of the exemplary mosque program

(اپنا ورنگل)

حشمت پیٹ، سکندرآباد :

جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کے ضلعی ذمہ داران، اراکینِ عاملہ اور تمام منڈلوں کے صدور و معتمدین کا ایک اہم مشاورتی اجلاس 27 نومبر 2026ء، بروز جمعہ، بعد نمازِ عشاء مدرسہ سراج العلوم، حشمت پیٹ، سکندرآباد میں منعقد ہوا۔اجلاس حضرت مولانا صابر خان صاحب مدظلہ، منتظم مدرسہ سراج العلوم، حشمت پیٹ کی سرپرستی، حضرت مولانا مفتی ولی اللہ خان صاحب قاسمی مدظلہ، صدر جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کی صدارت اور حضرت الحاج شیخ یونس الدین صاحب ہاشمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کی نگرانی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے محسنِ ملت حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب دامت برکاتہم، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ اور حضرت مولانا مصباح الدین صاحب حسامی دامت برکاتہم، خازن جمعیۃ علماء تلنگانہ نے شرکت فرمائی۔اجلاس کا آغاز تنظیمی و اصلاحی گفتگو سے ہوا۔ اس موقع پر حضرت مولانا قطب الدین صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے پاسبانِ ملت حضرت حافظ پیر شبیر احمد صاحب نوراللہ مرقدہ کی دینی و ملی خدمات اور تنظیمی جدوجہد کا تذکرہ کیا اور کارکنانِ جمعیۃ کو ترغیب دی کہ وہ علماءِ کرام کی رہنمائی میں اخلاص، عاجزی اور قربانی کا جذبہ اپنائیں اور ملت کی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔

اسی طرح حضرت مولانا مفتی محمود عالم صاحب نے مثالی مسجد پروگرام کی تفصیلات اور اس کی کارگزاری پیش کی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں تلنگانہ کے 24 اضلاع کے نمائندوں نے بنگلور پہنچ کر اس پروگرام کے تحت منعقدہ تربیتی اجتماع میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر محترم مولانا عبدالواحد صاحب حسامی نے مثالی مسجد پروگرام کے طریقۂ کار اور اس کے عملی پہلوؤں کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مساجد کو عبادت کے ساتھ ساتھ دینی، تعلیمی، اصلاحی اور سماجی رہنمائی کے مؤثر مراکز بنایا جائے۔

مہمانِ خصوصی محسنِ ملت حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب دامت برکاتہم، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کے تمام کارکنان سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تنظیم کو مزید مستحکم کریں، عوام سے مضبوط روابط قائم کریں اور بالخصوص نوجوان نسل میں دینی و ملی شعور بیدار کرنے کے لیے منظم اور مسلسل کوششیں کریں۔ انہوں نے تنظیمی ذمہ داریوں کو اخلاص، باہمی اتحاد اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اجلاس کی نظامت کے فرائض محترم مولانا مفتی مبشر صاحب قاسمی، جوائنٹ سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری نے بحسن و خوبی انجام دیے۔

اس موقع پر دیگر علماءِ کرام اور ضلعی ذمہ داران کے علاوہ حضرت مولانا محمد حنیف خان صاحب قاسمی، نائب صدر؛ حضرت مولانا محمد امتیاز الدین صاحب قاسمی، خازن؛ حضرت مولانا ساجد ناصری صاحب قاسمی، رکنِ عاملہ؛ حضرت مولانا محمد دیانت حسین صاحب، نائب صدر؛ حضرت مولانا نجم الدین صاحب، نائب صدر؛ اور محترم مولانا عبدالصمد صاحب قاسمی، آرگنائزر جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری کے علاوہ تمام منڈلوں کے صدور و معتمدین نے شرکت کی۔

آخر میں حضرت الحاج شیخ یونس الدین صاحب ہاشمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع میڑچل ملکاجگری نے تمام مہمانانِ کرام، ضلعی ذمہ داران اور منڈلوں کے صدور و معتمدین کا شکریہ ادا کیا، بالخصوص مدرسہ سراج العلوم، حشمت پیٹ، سکندرآباد کے منتظمین کا اجلاس کے کامیاب انعقاد اور بہترین میزبانی پر خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جمعیۃ علماء کی تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جائے گا اور دینی، تعلیمی و اصلاحی میدانوں میں اجتماعی جدوجہد کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔