کھمم میں 27 اگست کو دینی تعلیمی بورڈ کی تربیتی ورکشاپ، ورنگل میں اہم مشاورتی اجلاس۔

Deeni Taleemi Board training workshop on August 27 in Khammam, important consultative meeting in Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

دینی تعلیمی بورڈ تلنگانہ و آندھرا کے زیرِ اہتمام 27 اگست کو ضلع کھمم میں منعقد ہونے والی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ و جلسۂ عام میں ضلع ورنگل سے زیادہ سے زیادہ معلمین، مدرسین اور ائمۂ کرام کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے مدینہ مسجد، النکار سنٹر میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں دینی تعلیمی بورڈ ضلع ورنگل کے صدر حافظ محمد نصیر الدین صاحب حسامی، مولانا عبدالعظیم قاسمی، مولانا محمد طالب الرحمن، مولانا نوشاد اختر قاسمی، مفتی محمد منہاج احمد قیومی، نوجوان علماء، حفاظ اور دینی تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع ورنگل کے مختلف دیہات، منڈلوں اور شہر کے مکاتب کے معلمین، مدارس کے مدرسین اور ائمۂ کرام کو کھمم میں ہونے والی تربیتی ورکشاپ میں شریک کرانے کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ شرکاء کی سہولت کے لیے ضلع ورنگل سے خصوصی بس کا انتظام کیا جائے گا۔ فی معلم آمد و رفت کا کرایہ 200 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

رجسٹریشن کے سلسلے میں بتایا گیا کہ ہنمکنڈہ، صوبیداری اور قاضی پیٹ کے معلمینِ مکاتب اپنی شرکت مفتی فیروز بیگ قاسمی کے پاس درج کروائیں، جبکہ ورنگل شہر اور اطراف کے معلمینِ مکاتب اپنی شرکت مفتی محمد تقی عثمانی کے پاس رجسٹر کروائیں۔اجلاس کے اختتام پر ضلع کھمم میں منعقد ہونے والے جلسۂ عام و تربیتی ورکشاپ کے پوسٹر کی باقاعدہ رسمِ اجراء بھی عمل میں آئی۔

اس موقع پر علماء، حفاظ اور دینی تعلیمی بورڈ کے ذمہ داران موجود تھے۔آخر میں دینی تعلیمی بورڈ ضلع ورنگل کے جنرل سیکریٹری مفتی محمد زکریا احمد قاسمی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ضلع بھر کے معلمینِ مکاتب، مدرسینِ مدارس اور ائمۂ کرام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم تربیتی ورکشاپ میں ضرور شرکت کریں اور اپنی علمی و تربیتی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کے ساتھ اس دینی پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں۔

News Source : M.F. Baig Riaz