Preparations for Kazipet Dargah Urs Sharif are complete, special arrangements have been made for the convenience of pilgrims

(اپنا ورنگل)
قاضی پیٹ، ہنمکنڈہ:
حضرت سید شاہ افضل بیابانیؒ درگاہ قاضی پیٹ کے سالانہ عرس شریف کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ زائرین کی سہولت کے لیے پینے کے پانی، بجلی، صفائی، طبی خدمات، ٹریفک کنٹرول اور پولیس بندوبست سمیت تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے درگاہ کے احاطے میں منعقدہ میڈیا کانفرنس میں کہا کہ عرس شریف میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس کے لیے تمام متعلقہ سرکاری محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ضلع کلکٹر کی نگرانی میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ آر ڈی او، جوائنٹ کلکٹر سطح کے افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو خصوصی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ مذہبی ہم آہنگی، محبت اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ ورنگل میں مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر تہوار اور مذہبی تقریبات مناتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عرس شریف کی تقریبات میں امن و امان اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔
اس موقع پر درگاہ کے سجادہ نشین و ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ نے بتایا کہ نائنی راجندر ریڈی کی خصوصی دلچسپی سے درگاہ میں کئی ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں۔ پانی کی قلت دور کرنے کے لیے تقریباً 40 لاکھ روپے کی لاگت سے پانی کی سربراہی کے کام انجام دیے گئے، جبکہ سڑکوں کی ترقی بھی کی گئی ہے۔خسرو پاشاہ نے بتایا کہ عرس کے دوران چھ دن تک تقریباً 30 ہزار زائرین کے لیے لنگر کا انتظام کیا جائے گا۔

درگاہ کے چاروں اطراف لنگر کے مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو کھانے کے لیے کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ درگاہ ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کا مرکز ہے۔ اسی جذبے کے تحت ’’اہلِ بیت کا پیغام – انسانیت کے لیے‘‘ کے عنوان سے خصوصی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی، جس میں پنجاب، لکھنؤ اور دیگر علاقوں سے صوفی مشائخ و مذہبی شخصیات شرکت کریں گی۔
ہندو مندروں کے پجاری، برہمن، علماء اور مشائخ بھی اس پروگرام میں شریک ہوکر امن، محبت اور انسانیت کا پیغام دیں گے۔خسرو پاشاہ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے تمام مذاہب کے لوگوں کا اتحاد، محبت اور بھائی چارے کے ساتھ رہنا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روحانی مراکز سے امن، انسانیت اور محبت کا پیغام مزید مضبوط ہوگا۔
عرس شریف کے سلسلے میں کل شام درگاہ میں خصوصی مذہبی مراسم منعقد ہوں گے، جن میں ضلع کے انچارج وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی، اقلیتی امور کے وزیر محمد اظہرالدین، دیگر وزراء، ارکانِ اسمبلی، ارکانِ قانون ساز کونسل اور مختلف کارپوریشنوں کے چیئرمین شرکت کریں گے۔میڈیا کانفرنس میں سابق کارپوریٹر ایڈوکیٹ ابوبکر، مرزا عزیز احمد بیگ، ڈویژن صدر سنگاراپو روی اور دیگر افراد موجود تھے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

