Warangal student Mohammad Irfan brings glory to the city by setting a Guinness World Record

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
حیدرآباد کے گچی باؤلی انڈور اسٹیڈیم میں وژن مارشل آرٹس اکیڈمی اور انٹرنیشنل تائیکوانڈو اکیڈمی انڈیا کے زیرِ اہتمام منعقدہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میگا اچیومنٹ پروگرام میں ملک بھر سے ہزاروں کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں سے 1,212 کھلاڑی کامیابی کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنے۔مقابلے کے دوران تمام شرکاء نے مسلسل 40 منٹ تک کِکس اور پنچز کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مہارت اور جسمانی صلاحیتوں کا بہترین ثبوت پیش کیا۔
ورنگل کے کوتہ واڑہ میں واقع گولڈن کڈز ہائی اسکول کے جماعت نہم کے طالب علم محمد عرفان نے اس مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔محمد عرفان کی اس کامیابی پر گولڈن کڈز ہائی اسکول میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، جہاں اسکول کی سربراہ سجاتا اور پرنسپل مادھوی نے انہیں شال اور گلپوشی کے ساتھ اعزاز سے نوازا۔
اس موقع پر پرنسپل مادھوی نے کہا کہ ہر طالب علم کو نظم و ضبط، محنت اور عزم کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محمد عرفان نے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کر کے اسکول کا نام روشن کیا ہے، اور انہیں امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح نئی کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔
تقریب میں اساتذہ رجیتا، سپنا، رانی، اجنتا، شریشا، ہیما لتہ، جیوتی، لتہ، پاونی، اسما، ونیتا، شیو شری، چندر شیکھر، ستیہ نارائن، سگناکر، ودیا ساگر، سپنا ریڈی سمیت طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
News Source : M.F. Baig Riaz

